دیوے گوڑا کا خاندانی سیاست کے الزام سے انکار

   

پوتوں کو انتخابات میں کھڑا کرنا عوامی خواہشات کی تکمیل
بنگلورو 18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) جنتادل (سیکولر) کے سربراہ اور سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کو جنتادل (ایس) کو ’’خاندانی کمپنی‘‘ میں تبدیل کرنے کی شدید ترین تنقید کا سامنا ہے۔ دیوے گوڑا نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ پارٹی کارکن اور خود عوام یہ چاہتے تھے کہ میرے پوتے نکھل کمار سوامی اور پراجول ریوانا، مانڈیا اور ہاسن کے لوک سبھا حلقوں سے مقابلہ کریں۔ انھوں نے حلقہ ہاسن میں اپنے ووٹ کا استعمال کرنے کے بعد اخباری نمائندوں کو بتایا کہ میرے مخالفین یہ الزام لگارہے ہیں کہ میں خاندانی سیاست میں ملوث ہوں لیکن اس کے برعکس سیاست میں میرا عروج خدا اور رائے دہندوں کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔ جن کی ان کے بیان کے مطابق انھوں نے اور ان کے خاندان کے افراد نے بھرپور خدمت کی ہے۔