رائل انفیلڈ کے بریک میں خرابی کی شکایات

   

26 ہزار 300 گاڑیاں واپس طلب کرنے کمپنی کا اعلان
حیدرآباد۔21ڈسمبر(سیاست نیوز) رائیل انفیلڈ نے جاریہ سال کے اوائل میں 2لاکھ 36ہزار966گاڑیوں کو گاڑی کے الکٹرک نظام میں تکنیکی خرابی کے سبب واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا تھا اور دنیا بھر کے 7 ممالک سے گاڑیوں کو واپس طلب کیا گیا تھا اور اب رائیل انفیلڈ کے بریک میں خرابی کے سبب 26ہزار 300گاڑیوں کو واپس طلب کرنے کا کمپنی نے اعلان کیا ہے۔ مئی 2021میں رائیل انفیلڈ کی گاڑیو ںمیں شارٹ سرکٹ کے واقعات کے بعد کمپنی نے 3لاکھ کے قریب گاڑیوں کو تبدیل کرنے کے اقدامات کئے تھے اور اب یکم ستمبر تا5ڈسمبر 2021کے دوران تیار کی گئی 26ہزار300گاڑیوں کو بریک میں خرابی کے سبب واپس لیتے ہوئے خریداروں کو دوسری گاڑیوں کی حوالگی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کمپنی کے ذرائع کے مطابق اس مدت کے دوران تیار کی گئی گاڑیوں میں بریک کی خرابی کی شکایات موصول ہوئی تھیں جس پر بریک کی تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ رائیل انفیلڈ کے ماڈل کلاسک 350 میں پائی جانے والی اس خرابی کے سلسلہ میںکہا جا رہاہے کہ کمپنی کو شکایات موصول ہونے پر کمپنی نے فوری طور پر 26ہزار300 گاڑیوں کو واپس طلب کرنے کے اقدامات شروع کردیئے ہیں اور کہا جار ہاہے کہ بریک میں پائی جانے والی خرابی کی مرمت نہ ہونے کی صورت میں کمپنی گاڑیوں کو تبدیل کرنے کے اقدامات کرے گی۔ جاریہ سال کے اوائل میں رائیل انفیلڈ نے گاڑی میں شارٹ سرکٹ کی شکایات پر 2لاکھ 36ہزار گاڑیوں کو واپس حاصل کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اس دوران رائیل انفیلڈ نے کلاسک 350‘ میٹیور 350 اور بلٹ 350 ماڈل کی گاڑیاں واپس لی گئی تھیں۔1ستمبر تا5ڈسمبر کے دوران تیار کی گئی گاڑیو ںکے عقبی پہیہ کے بریک میں پائی جانے والی خرابی کے سبب گاڑیوں کو واپس طلب کرنے کے فیصلہ سے تمام گاہکوں کو واقف کروایا جاچکا ہے۔