رائے دہی سے پہلے ہی 5 امیدوار کامیاب ہوں گے

   

اروناچل پردیش میںچند اہم نشستوں پر اپوزیشن کو موزوں امیدوار نہیں مل سکا ،19اپریل کو رائے دہی

نئی دہلی : ملک میں الیکشن کا ماحول ہے۔ سیاسی جماعتیں کامیابی کے حصول کے لیے سرتوڑ کوششیں کر رہی ہیں۔ حکمران جماعت اور اپوزیشن اپنی تیاریوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑنا چاہتے۔ہر نشت پر مضبوط امیدوارکھڑے کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن ایک ریاست ایسی ہے جہاں اپوزیشن کو5 سیٹوں پرکوئی امیدوار نہیں مل سکا۔ یہ ریاست اروناچل پردیش ہے۔ دراصل لوک سبھا انتخابات کے ساتھ ساتھ اروناچل پردیش میں اسمبلی انتخابات بھی ہیں۔ یہاں کے عوام 19 اپریل کو اپنے ایم پی اور ایم ایل اے کا انتخاب کریں گے لیکن ریاست میں 5 نشتوں پر رائے دہی سے پہلے ہی پانچ لیڈر جیت جائیں گے۔ چیف منسٹر پیما کھانڈو اور چار دیگر بی جے پی امیدواروں کا بلامقابلہ ایم ایل اے منتخب ہونا یقینی ہے۔ چہارشنبہ فارم جمع کرنے کا آخری دن تھا۔ ان کی اسمبلی سیٹ سے کسی اور امیدوار نے پرچہ نامزدگی داخل نہیں کیا۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ 60 رکنی اروناچل اسمبلی اور دو لوک سبھا حلقوں (اروناچل ویسٹ اور اروناچل ایسٹ) کے لیے رائے دہی 19 اپریل کو ہوگی۔ اروناچل پردیش کی دو لوک سبھا سیٹوں کے لیے 15 امیدوار اپنی قسمت آزمائیں گے۔ اسمبلی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی 2 جون کو ہوگی، جب کہ لوک سبھا انتخابات کے نتائج کا اعلان 4 جون کو کیا جائے گا۔ پیما کھانڈو نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ پانچ اسمبلی حلقوں میں ایک ہی کاغذات نامزدگی داخل کیے گئے ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ کاغذات نامزدگی واپس لینے کے آخری دن تک کچھ اور (نشستیں) شامل ہو جائیں گی۔ مرکزی وزیرکرن رجیجو نے کہا کہ اروناچل پردیش ملک کا مزاج دکھانے میں سب سے آگے ہے۔ کرن رجیجو نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا، اسمبلی انتخابات کے لیے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے آخری دن، بی جے پی نے 3مکٹو اسمبلی حلقہ سے امیدوار وزیر اعلی پیما کھانڈو سمیت پانچ امیدواروں کا بلا مقابلہ انتخاب یقینی بنایا ہے۔ رجیجو نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے آشیرواد سے ریاست میں زبردست ترقی ہوئی ہے اور لوگوں کی طرف سے بہت زیادہ حمایت اورآشیرواد حاصل ہوئے ہیں۔ پیما کھانڈو کے علاوہ جو چار امیدوار جیتیں گے ان میں 15 سگالی اسمبلی حلقہ سے رتو ٹیچی، 20 تالی اسمبلی حلقہ سے جکے ٹاکو، 23 تلیہ اسمبلی حلقہ سے نیاتو ڈوکوم اور روئنگ اسمبلی حلقہ سے 43 موچھو میتھی شامل ہیں۔