رائے دہی کے بعد سیلاب متاثرین کو امداد دی جائے

   

حیدرآباد: کانگریس پارٹی نے الیکشن کمیشن سے نمائندگی کی ہے کہ سیلاب کے متاثرین کو امداد کی فراہمی کی یکم ڈسمبر رائے دہی کے بعد اجازت دی جائے۔ الیکشن کمیشن کوآرڈینیشن کمیٹی کے کنوینر جی نرنجن نے الیکشن کمیشن کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی حالیہ بارش اور سیلاب کے متاثرین کو مالی امداد کی فراہمی کے حق میں ہے۔ تاہم امداد کے ذریعہ سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوششوں کی مخالفت کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس قائدین امدادی رقم کے سلسلہ عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے بینک اکاؤنٹ میں رقم کی منتقلی کی اجازت دی ہے جو انتخابی ضابطہ اخلاق کے خلاف ہے۔ کانگریس پارٹی رائے دہی کے بعد متاثرین کے اکاؤنٹ میں رقم کی منتقلی کے حق میں ہے۔ پارٹی نے الیکشن کمیشن پر زور دیا کہ برسر اقتدار پارٹی کے دباؤ کے بغیر آزادانہ اور منصفانہ رائے دہی کو یقینی بنائے۔ پارٹی نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنوں کو قطعیت دیئے بغیر الیکشن کمیشن نے انتخابی اعلامیہ جاری کردیا ہے۔