محکمہ آبرسانی کیخلاف 15 مئی سے احتجاج کرنے بی آر ایس کا اعلان
حیدرآباد۔9۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقہ حلقہ اسمبلی راجندر نگر کے مختلف محلہ جات میں پانی کی قلت اور محکمہ آبرسانی بالخصوص بلدیات کی جانب سے پانی کی سربراہی میں کوتاہی کے خلاف بی آر ایس قائدمسٹر پی کارتک ریڈی نے 15‘16اور 17 مئی کو “Walk for Water” منعقد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ اسمبلی راجندر نگر کے بیشتر علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت کے نتیجہ میں عوام کو ہونے والی مشکلات پر حکومت کی توجہ مبذول کروانے کے لئے منعقد کی جانے والی اس ’واک‘ کا مقصد پانی جو کہ شہریوں کی بنیادی ضرورت ہے اسے پورا کرنے کی کوشش کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت اپنے شہریوں کو نلوں کے ذریعہ پینے کے پانی کی سربراہی میں بھی بری طرح سے ناکام ہوچکی ہے اسی لئے انہوں نے 15مئی کو بندلہ گوڑہ جاگیر میں ’واک فار واٹر‘ منعقد کرنے کے علاوہ 16 مئی کو نارسنگی کے علاقوں میں اور 17 مئی کو منی کنڈہ کے علاقوں میں اس واک کے انعقاد کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔مسٹر پی کارتک ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت بالخصوص بلدیات کو ان علاقوں میں پانی کی سربراہی کے لئے متوجہ کرنے کے لئے شروع کی جانے والی اس مہم کومؤثر بنانے کے لئے مقامی عوام کو بھی اس میں شامل کیا جائے گا اور انہوں نے ان علاقوں کے مکینوں سے بھی خواہش کی کہ وہ اپنے پانی کے مسائل کے حل کے لئے حکومت کی توجہ مبذول کروانے اس واک میں شامل ہوتے ہوئے مسائل کے حل میں تعاون کریں۔3