راجیہ سبھا رکن کی ذمہ داری میں نتیش کو زیڈ سکیورٹی ملے گی

   

پٹنہ، 2 اپریل (یو این آئی) بہار حکومت نے یہ فیصلہ کیا کہ چیف منسٹر نتیش کمار کو راجیہ سبھا رکن کے طور پر نئی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد زیڈ زمرہ سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔محکمہ داخلہ کی اسپیشل برانچ سے جاری حکم کے مطابق چیف منسٹر عہدے سے استعفیٰ کے بعد بھی نتیش کو وی آئی پی سکیورٹی کی اعلیٰ ترین سطح حاصل رہے گی۔ یہ فیصلہ ان کے راجیہ سبھا جانے کی صورت میں ضروری سکیورٹی انتظامات کے جامع جائزے کے بعد لیا گیا ہے ۔کہا گیا کہ موجودہ چیف منسٹر ہونے کی وجہ سے کمار کو بہار اسپیشل سکیورٹی ایکٹ، 2000 کے تحت اعلیٰ سطح کی سکیورٹی کا حق حاصل ہے ۔ اس میں واضح کیا گیا کہ 16 مارچ کو راجیہ سبھا کیلئے ان کے انتخاب اور ممکنہ استعفیٰ کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی سکیورٹی میں تسلسل برقرار رکھا جائے گا۔ کہا گیا ہے کہ کمار کی سکیورٹی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس کے بعد انہیں زیڈ زمرہ سکیورٹی دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس سکیورٹی زمرے میں عام طور پر تقریباً 36 سکیورٹی اہلکار شامل ہوتے ہیں، جن میں خصوصی کمانڈوز اور ریاستی پولیس کے جوان ہوتے ہیں۔ اس میں 24 گھنٹے سکیورٹی، مسلح اسکواڈ، قریبی حفاظتی دستہ اور جدید نگرانی کا نظام شامل ہوتا ہے ۔