راہول گاندھی اپریل کے پہلے ہفتہ میں تلنگانہ کا دورہ کریں گے

   

تکوگوڑہ میں جلسہ عام سے کانگریس کی انتخابی مہم کا عملاً آغاز ہوگا
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ آئندہ ماہ اپریل کے پہلے ہفتہ میں تکوگوڑہ میں کانگریس پارٹی کی جانب سے بہت بڑے جلسہ عام کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔ جس میں شرکت کرتے ہوئے کانگریس کے قومی صدر ملکاارجن کھرگے اور راہول گاندھی تلنگانہ میں کانگریس کی انتخابی مہم کا عملاً آغاز کریں گے ۔ کانگریس پارٹی نے لوک سبھا انتخابات کے لیے جو انتخابی منشور جاری کیا ہے ۔ اس جلسہ عام سے پارٹی منشورکا تلگو ترجمہ بھی جاری کیا جائے گا ۔ لوک سبھا انتخابات کے لیے انتخابی شیڈول کی اجرائی کے بعد تلنگانہ میں منعقد ہونے والا یہ پہلا جلسہ عام ہے جس کے لیے اس جلسہ عام کو کامیاب بنانے کے لیے کانگریس کی جانب سے بڑے پیمانے پر تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ حیدرآباد کے بشمول مضافاتی اضلاع سے کانگریس پارٹی کارکنوں کو بھاری تعداد میں منتقل کرنے کے انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ کانگریس پارٹی نے تلنگانہ اسمبلی انتخابات کی انتخابی مہم کا تکوگوڑہ میں جلسہ عام منعقد کرتے ہوئے آغاز کیا تھا ۔ جس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے کانگریس پارٹی لوک سبھا انتخابی مہم کا آغاز کرنے کے لیے تکوگوڑہ کے جلسہ عام کو کانگریس کے لیے بہتر تصور کررہی ہے ۔ لوک سبھا انتخابات کا شیڈول جاری ہونے کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی سکریٹریٹ جانے کے بجائے زیادہ تر اپنی قیام گاہ سے سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہونے کی وجہ سے زیادہ تر کانگریس کی سرگرمیوں پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں ۔ امیدواروں کا انتخاب ، کانگریس پارٹی کے قائدین سے ملاقات اور انتخابی حکمت عملی تیار کرنے پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں ۔ کانگریس میں شامل ہونے والے دوسری جماعتوں کے قائدین سے بھی ملاقات کررہے ہیں ۔ جلسہ کو کامیاب بنانے کے لیے ریاستی وزراء کا ایک وفد تکوگوڑہ میدان کا دورہ کرتے ہوئے معائنہ کرچکا ہے ۔۔ 2