نئی دہلی۔ 13 اکتوبر (یو این آئی) سپریم کورٹ نے وزیر اعظم نریندر مودی کیخلاف مبینہ طور پر ’’چوروں کے سردار‘‘ اور ’’کمانڈر ان چیف‘‘ جیسے تبصرے کرنے کے معاملہ میں کانگریس رہنما راہول گاندھی کے خلاف جاری ہتک عزت کے معاملہ میں نچلی عدالت میں جاری سماعت پر منگل کے روز روک لگا دی۔ جسٹس وکرم ناتھ اور جسٹس اپریش کمار سنگھ کی بنچ نے بامبے ہائی کورٹ کے 8 ستمبر کے اس حکم کو چیلنج کرنے والی گاندھی کی عرضی پر نوٹس جاری کیا، جس میں عدالت نے معاملہ کو مسترد کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ بنچ نے اپنے حکم میں کہا کہ متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کیے جائیں اور نچلی عدالت کی اس معاملہ پر آگے کی کارروائی پر روک رہے گی۔