راہول گاندھی کی بھارت نیائے یاترا …منی پور سے ممبئی تک

,

   

کانگریس لیڈر کے 14 جنوری تا 28 مارچ 65 روزہ سفر کے دوران 6,200 کلومیٹر میں 14 ریاستوں اور 85 اضلاع کا احاطہ ہوگا
معاشی، سماجی اور سیاسی انصاف بھارت نیائے یاترا کا مقصد

نئی دہلی: بھارت جوڑو یاترا کے خطوط پرکانگریس لیڈر راہول گاندھی شمال مشرقی ریاست منی پور سے عوام تک رسائی کا اسی طرح کا ایک آؤٹ ریچ پروگرام شروع کریں گے۔ لوک سبھا انتخابات 2024 سے قبل کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی بھارت نیائے یاترا شروع کریں گے۔ کانگریس جنرل سکریٹری (آرگنائزیشن) کے سی وینوگوپال نے آج چہارشنبہ کو اعلان کیا کہ راہول 14 جنوری کو نئی یاترا کا آغاز کریں گے، جس کا اختتام 20 مارچ کو ممبئی میں ہوگا۔ 21 دسمبر کو کانگریس ورکنگ کمیٹی نے متفقہ طور پر ایک رائے دی کہ راہول گاندھی کو مشرق سے مغرب تک یاترا شروع کرنی چاہئے۔ راہول گاندھی نے بھی کانگریس ورکنگ کمیٹی کی خواہشات کو پورا کرنے پر اتفاق کیا۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے بھارت نیائے یاترا منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ راہول گاندھی 65 دن کے مارچ کے دوران 6,200 کلومیٹر کا فاصلہ طے کریں گے۔ 14 ریاستوں اور 85 اضلاع کا سفر کریں گے۔ ان ریاستوں میں منی پور، ناگالینڈ، آسام، میگھالیہ، مغربی بنگال، بہار، جھارکھنڈ، اڈیشہ، چھتیس گڑھ، اتر پردیش، مدھیہ پردیش، راجستھان، گجرات اور مہاراشٹرا شامل ہیں۔ وینو گوپال نے کہا کہ اس یاترا میں راہول گاندھی نوجوانوں، خواتین اور پسماندہ لوگوں سے بات چیت کرنے جا رہے ہیں۔منی پور سے یاترا شروع کرنے کے سوال پر وینوگوپال نے کہا کہ یہ ریاست ملک کا حصہ ہے اور پارٹی بھی امپھال سے یاترا شروع کرکے منی پور کے لوگوں کے زخموں پر مرہم رکھنے کی کوشش کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیائے یاترا کے ذریعہ اتحاد، محبت اور ہم آہنگی کا پیغام دینے کے ساتھ ساتھ راہول گاندھی ملک کے لوگوں کیلئے انصاف بھی مانگیں گے ۔یاترا میں انڈیا الائنس کے لیڈروں کی شرکت سے متعلق سوال پر وینوگوپال نے کوئی واضح جواب نہیں دیا لیکن کہا کہ یاترا سے متعلق تمام معاملات پر بات چیت جاری ہے ۔بھارت جوڑو یاترا کے برعکس یہ آؤٹ ریچ پروگرام ایک بس میں شروع کیا جائے گا۔ اس مدت کے دوران یاترا 14 ریاستوں اور 85 اضلاع کا احاطہ کرے گی۔ اس دوران راہول گاندھی بس سفر کے علاوہ پیدل یاترا کے ذریعہ 6 ہزار 200 کلومیٹر سے زیادہ کا سفر کریں گے۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ بھارت نیائے یاترا کا مقصد معاشی، سماجی اور سیاسی انصاف ہے۔ پارٹی کے صدر ملکارجن کھرگے اس یاترا کو منی پور کے دارالحکومت امپھال میں جھنڈی دکھائیں گے۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ جے رام رمیش نے کہاکہ بھارت جوڑو یاترا کے دوران راہول گاندھی نے تین مسائل اٹھائے تھے… اقتصادی عدم مساوات، سماجی انتشار اور سیاسی آمریت۔ بھارت نیائے یاترا کا مقصد اقتصادی انصاف، سماجی انصاف اور سیاسی انصاف ہے ۔اس کے علاوہ 28 دسمبر کو کانگریس کے یوم تاسیس کے موقع پر پارٹی ناگپور میں ایک میگا ریلی نکالے گی جس کا نام ہے ’’ہم تیار ہیں‘‘۔ یہ میگا ریلی 2024 کے لوک سبھا انتخابات کا بگل بجائے گی۔ اس سے پہلے راہول گاندھی نے 7 ستمبر 2022 سے 30 جنوری 2023 تک بھارت جوڑو یاترا نکالی تھی، جو ہندوستانی سیاسی تاریخ کی ایک مثالی یاترا تھی۔ 145 روزہ سفر تمل ناڈو کے کنیا کماری سے شروع ہو کر جموں و کشمیر میں ختم ہوا۔ راہول گاندھی نے 3570 کلومیٹر کے سفر میں 12 ریاستوں اور 2 مرکزی زیر انتظام علاقوں کا احاطہ کیا۔