راہول گاندھی کی منوہر پاریکر سے ملاقات ، مزاج پرسی

,

   

گوا میں تعطیلات کے دوران اسمبلی میں آمد، کانگریس قائدین سے بات چیت
پاناجی۔ 28 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے گوا کے چیف منسٹر منوہر پاریکر سے آج یہاں سیکریٹریٹ میں ملاقات کی اور ان کی مزاج پرسی کی۔ 63 سالہ پاریکر تلی و پتہ کے عارضہ سے متاثر ہیں۔ وہ اس ساحلی ریاست میں بی جے پی حکومت کے سربراہ ہیں۔ اس ملاقات سے چند روز قبل راہول گاندھی نے رافیل کے مسئلہ پر مرکز کو نشانہ بناتے ہوئے کانگریس کی طرف سے منظر عام پر لائے جانے والے ’گوا آڈیو‘ کا حوالہ دیتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ گوا کے چیف منسٹر کے قبضہ میں کئی دھماکہ خیز راز ہیں اور ان رازوں نے پاریکر کو وزیراعظم پر بھی غالب کردیا ہے۔ راہول گاندھی آج دوپہر گوا اسمبلی کے احاطہ میں پہونچے تھے۔ ریاستی گورنر مریدولہ سنہا کے خطاب کے فوری بعد اجلاس ملتوی کردیا گیا تھا اور کانگریس نے اس اجلاس کا بائیکاٹ کیا تھا۔ کانگریس کے صدر یہاں آمد کے فوری بعد چیف منسٹر سے ملاقات کیلئے ان کے چیمبر میں داخل ہوئے تھے۔ بعدازاں اپوزیشن لابی پہنچ کر انہوں نے 10 منٹ تک کانگریس کے ارکان سے ملاقات کی۔ انہوں نے وہاں منتظر میڈیا نمائندوں سے بات کرنے سے انکار کردیا اور کہا کہ ’مجھے دیر ہورہی ہے‘۔ راہول گاندھی اور ان کی والدہ سونیا گاندھی اس ساحلی ریاست کے خانگی دورہ پر ہیں۔

جارج فرنانڈیز بہترین وزیر دفاع تھے : منوہر پاریکر
پاناجی۔ 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) گوا کے چیف منسٹر منوہر پاریکر نے سابق مرکزی وزیر جارج فرنانڈیز کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور انہیں ہندوستان کے ایک بہترین وزیر دفاع قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ فرنانڈیز عوامی زندگی کے ہر شعبہ پر ایک انمٹ نشان چھوڑا ہے۔ پاریکر نے ٹوئٹ کیا کہ ’بڑی جارج فرنانڈیز ہندوستان کے ایک بہترین وزیر دفاع رہی۔ انہوں نے اپنی وزارت میں سولجر فرسٹ (سپاہی سب سے پہلے) کا کلچر روشناس کیا تھا۔ فرنانڈیز عوامی زندگی کے ہر اس شعبہ پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں جس سے وہ وابستہ رہے ہیں۔ ان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ 88 سالہ فرنانڈیز الزہائمر کے عارضہ کے درمیان سوائن فلو کے سبب دہلی میں آج انتقال ہوگیا۔