رشمیکا مندنا اور وکی کوشل پہلی بار ایک ساتھ

   

ممبئی ۔ ساؤتھ کی اداکارہ رشمیکا مندنا اب مسلسل بالی ووڈ فلموں میں نظرآرہی ہیں۔ وہ سدھارتھ ملہوترا کے ساتھ فلم مشن مجون میں اور امیتابھ بچن کے ساتھ فلم گڈ بائی میں نظر آئی تھیں۔ اب رشمیکا مندنا فلم اینیمل میں رنبیرکپور کے ساتھ اسکرین پر نظر آئیں گی۔ اس کے ساتھ ہی تازہ ترین میڈیا رپورٹ میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ رشمیکا مندنا نے ایک اور فلم حاصل کر لی ہے اور وہ بالی ووڈ اداکار وکی کوشل کے ساتھ نظرآئیں گی۔ آئیے جانتے ہیں کہ وکی کوشل اور رشمیکا مندنا کس فلم میں ایک ساتھ نظر آنے والے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وکی کوشل اور رشمیکا مندنا پیریڈ ڈرامہ فلم چھوا میں نظرآئیں گے۔ دنیش وجن یہ فلم بنا رہے ہیں۔ وکی کوشل فلم چھوا میں چھترپتی شیواجی مہاراج کے بیٹے چھترپتی سنبھاجی مہاراج کے کردار میں نظر آئیں گے۔ اس کے ساتھ ہی رشمیکا مندنا چھترپتی سمبھاجی مہاراج کی بیوی یسو بائی بھونسلے کا کردار ادا کریں گی۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ فلم میں چھترپتی سمبھاجی مہاراج کی بہادری اور قربانی کی کہانی کے ساتھ محبت کی کہانی بھی دکھائی جائے گی۔ فلم چھوا کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ اس کے لیے رشمیکا مندنا پہلی پسند تھیں اور انھیں ان کے لک ٹسٹ کے بعد کاسٹ کیا گیا تھا۔ فلم میں رشمیکا مندنا کا کردار ایک تاریخی کردار ہے، اس لیے اس کے لیے خصوصی تیاری کی جائے گی۔