رفح پر حملہ، امریکی نائب صدر کا اسرائیل کو انتباہ

   

واشنگٹن: امریکی نائب صدر کملا ہیرس نے رفح پرحملہ کرنے سے اسرائیل کو خبردار کیا ہے۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ اگر اسرائیل حماس جنگجوؤں کا تعاقب کرتے ہوئے رفح پر حملہ کرے گا تو اس کے غلط نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہم متعدد مرتبہ واضح کرچکے ہیں کہ رفح میں کوئی بھی بڑا فوجی آپریشن ایک بہت بڑی غلطی ہو گی۔ میں نے نقشوں کا مطالعہ کیا ہے۔ ان لوگوں کے پاس منتقل ہونے کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔کملا نے مزید کہا کہ ہم بہت واضح ہیں کہ بہت بڑی تعداد میں بے گناہ فلسطینی مارے گئے ہیں۔ ہم نے واضح کر دیا ہے کہ اسرائیل، اس کی عوام اور فلسطینی برابر کی سلامتی اور وقار کے حقدار ہیں۔ان سے پوچھا گیا کہ نتن یاہو اپنی متوقع کارروائی کو آگے بڑھاتے ہیں تو کیا امریکہ “نتائج” کے بارے میں سوچے گا؟ جواب میں ہیرس نے کہا یہ بات ٹھیک ہے کہ ہم اس معاملے کو مرحلہ وار نمٹائیں گے، لیکن ہم اپنے نقطہ نظر میں اس حوالے سے بالکل واضح ہیں کہ آیا ایسا ہونا چاہیے یا نہیں۔ براڈکاسٹر نے سوال کیا کہ کیا آپ اس بات کو مسترد کرتے ہیں کہ اس کے امریکہ کے لیے بھی نتائج برآمد ہوں گے؟۔ امریکی نائب صدر کا جواب تھا کہ میں کسی بھی چیز کو مسترد نہیں کرتی۔