رمضان المبارک ، رحمت برکت اور مغفرت کا مہینہ

   

سید شمس الدین مغربی
حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ رمضان کا چاند نظر آتے ہی اللہ رب العزت کی بے شمار برکتیں اور رحمتیں نازل ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔ اس مبارک مہینہ میں شیاطین قید کردیئے جاتے ہیں، دوزخ کے دروازے بند کردیئے جاتے ہیں اور جنت کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں، ہر روز حق تعالیٰ شانہ اس مبارک مہینہ میں بہت سے گنہگاروں کو عذاب سے نجات دیتا ہے، نیک کام کرنے والوں کو ایک نیکی کے بدلے میں دس گنا زیادہ ثواب عطا فرماتا ہے اور بے حساب برکتیں نازل فرماتا ہے۔ماہِ رمضان المبارک اسلامی سال کے بارہ مہینوں میں سب سے افضل مہینہ ہے ۔ اسے مہینوں کا سردار کہا جاتا ہے۔ رمضان ، رمض سے مشتق ہے جس کے معنی گرمی یا جلانے کے ہیں۔ رمضان میں روزہ رکھ کر انسان اپنے نفس کو اور اس کی خواہشات و ترغیبات کو جلادیتا ہے ۔ رمضان کے پانچ حروف ہیں ر م ض ۱ ن ۔ ر سے رضائے الٰہی پانے کا مہینہ ، م سے مغفرت طلب کرنے کا مہینہ ، ض سے ضمانت اﷲ کی جانب سے بندے کو شیطان کے وسوسے اور اس کی ترغیبات سے نجات کی ضمانت ، ا ، سے احسان و انعام اس ماہ میں بندے پر ۔ اﷲ کے اتنے احسانات ہوتے ہیں کے ان کا شمار نہیں کیا جاسکتا ۔ن ، سے نور ، اﷲ پاک رمضان المبارک میں روزے دار کے چہرے نورانی بنادیتا ہے۔ماہ رمضان المبارک مسلمانوں کے لئے اللہ رب العزت کا بہت بڑا انعام ہے، جب کہ اس انعام و اکرام کی دل سے قدر کی جائے۔ رمضان المبارک اﷲ کا پسندیدہ مہینہ ہے ۔ اس مبارک مہینے میں اﷲ تعالیٰ اپنے بندوں پر خاص توجہ فرماتے ہیں ۔ ہر نیکی کا ثواب دس سے ستر گنا بڑھا دیا جاتا ہے ۔یہ وہ مہینہ ہے جس میں اﷲ تعالیٰ نے قرآن جیسی عظیم المرتبت کتاب نازل فرمائی ہے جو سارے عالم کیلئے انعام عظیم اور ہدایت ہے ۔ حدیث میں آیا ہے کہ روزہ رکھنا ، سحری کھانا ، افطار کرنا ، تراویح اور پنچ وقتہ نماز باقاعدگی سے پڑھنا ، صبر و ضبط کا مظاہرہ کرنا ، گناہوں اور برائیوں سے بچنا سب کے سب مغفرت اور بخشش کے وسیلے ہیں۔ہرروز اﷲ تعالیٰ بہت سے گناہگاروں کو عذاب سے نجات دیتے ہیں اور نیک کام کرنے والوں کو بے شمار ثواب سے نوازتے ہیں ۔ماہ رمضان کے مبارک ترین مہینہ میں تین آدمیوں کی دعا رد نہیں ہوتی، ایک روزہ دار کی دعا افطار کے وقت، دوسرے عادل بادشاہ کی دعا جو اپنی رعایا کے ساتھ پورا پورا انصاف کرتا ہو، تیسرے مظلوم کی دعا۔ اس مبارک مہینہ میں اللہ تعالیٰ ہر مسلمان کی ایک دعا ضرور قبول فرماتا ہے۔ یہ ایسا مبارک مہینہ ہے، جس کے دن اور رات دونوں فضیلت والے ہیں۔