امریکہ اور ہندوستان دوسرے اور تیسرے نمبر پر، غیر روایتی برقی تیاری پر حکومتوں کی توجہ
حیدرآباد۔ 21 جون (سیاست نیوز) زندگی کے ہر شعبہ میں برقی کا استعمال لازمی حصہ بن چکا ہے اور ترقی یافتہ ممالک میں برقی کی زائد پیداوار کے ساتھ ساتھ برقی کے استعمال میں بھی اضافہ درج کیا گیا ہے۔ دنیا میں برقی کے زائد استعمال کے سلسلہ میں سروے کے تحت 5 ممالک کی نشاندہی کی گئی جن میں چین سرفہرست ہے۔ امریکہ دوسرے اور ہندوستان تیسرے نمبر پر ہے۔ سروے کے مطابق چین میں سالانہ 10500 ٹیرا واٹ اوور (TWH) برقی کا استعمال ہوتا ہے۔ امریکہ کے مقابلہ چین میں برقی کا استعمال دگنا درج کیا گیا۔ سروے میں امریکہ میں سالانہ 4536 ٹی ڈبلیو ایچ برقی کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے جبکہ ہندوستان میں سالانہ 2083 ٹی ڈبلیو ایچ برقی استعمال کی جاتی ہے۔ سروے کے مطابق صنعتی اور رہائشی اغراض کے لئے بیشتر ممالک میں برقی کے استعمال میں اضافہ ہوا ہے۔ بعض ممالک میں قابل تجدید توانائی اور غیر روایتی برقی کی پیداوار پر توجہ دی ہے۔ ہندوستان میں خاص طور پر غیر روایتی برقی کے تحت سولار اور ونڈ پاور پر توجہ مرکوز کی گئی۔ تھرمل اور ہائیڈل پاور کی پیداوار میں کمی اور شہری اور صنعتی ضرورتوں میں اضافے کو دیکھتے ہوئے سرکاری سطح پر سولار انرجی کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ زرعی اور گھریلو اغراض کے لئے عوام کو سولار انرجی پر انحصار کرنے کا مشورہ دیا جارہا ہے۔ برقی استعمال کے اخراجات سے بچنے کے لئے کئی ملٹی نیشنل کمپنیوں اور دیگر انفراسٹرکچر اداروں نے اپنے علیحدہ سولار پاور جنریشن سنٹرس قائم کئے ہیں۔ ہندوستان میں کسانوں کو سولار انرجی کے استعمال کی موثر تربیت دی جارہی ہے تاکہ زرعی پیداوار کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے سربراہ کی جانے والی برقی پر انحصار کو کم کیا جاسکے۔ دنیا میں زائد برقی استعمال کرنے والے ممالک میں روس اور جاپان بھی شامل ہیں۔ 1؍F