روہت کیرئیر میں بہترین مقام پر پہونچ گئے

   


دوبئی : ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے اوپنر روہت شرما اپنے کیرئیر میں پہلی مرتبہ بہترین مقام پر پہونچ چکے ہیں جیسا کہ آئی سی سی کی جانب سے ٹسٹ درجہ بندی کا اعلان کیا گیا ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ٹسٹ درجہ بندی میں روہت شرما 6 مقامات کی چھلانگ لگاتے ہوئے سرفہرست 10 کھلاڑیوں میں شامل ہوچکے ہیں۔ احمدآباد میں ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان منعقدہ تیسرے ٹسٹ کی پہلی اننگز میں روہت شرما نے 66 اور دوسری اننگز میں ناقابل تسخیر 25 رنز اسکور کئے جس کی بدولت وہ اب دنیا کے آٹھویں بہترین ٹسٹ بیٹسمین بن گئے ہیں۔ روہت شرما نے درجہ بندی میں چیتیشور پجارا سے آگے کا مقام حاصل کرلیا ہے۔ روہت شرما کے نام اِس وقت ٹسٹ درجہ بندی کے 742 نشانات درج ہیں جوکہ اکٹوبر 2019 ء میں انھیں حاصل ہوئے 10 ویں مقام کے 722 نشانات سے 20 نشانات زیادہ ہے۔ احمدآباد ٹسٹ میں مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کرنے والے اکشر پٹیل اور روی چندرن اشون نے بھی درجہ بندی میں ترقی حاصل کی ہے۔ بائیں ہاتھ کے اسپنر اکشر پٹیل جنھوں نے مذکورہ مقابلے میں 11 وکٹیں حاصل کی ہیں جس کی بدولت وہ 30 نشانات کی ترقی حاصل کرتے ہوئے 38 ویں مقام پر پہنچ چکے ہیں۔ آف اسپنر روی چندرن اشون جنھوں نے تیسرے ٹسٹ میں 7 وکٹیں حاصل کی تھیں اس کی بدولت انھیں 4 مقامات کی ترقی کے بعد تیسرا مقام حاصل ہوا ہے۔ انگلینڈ کے اسپنر جیک لیچ پہلی مرتبہ سرفہرست 30 کھلاڑیوں کی صف میں شامل ہوگئے ہیں۔ احمدآباد ٹسٹ میں انھوں نے 4 وکٹیں حاصل کیں جس کی بدولت انھیں 3 مقامات کی ترقی کے بعد 28 واں مقام ملا ہے۔ انگلش کپتان جوروٹ جنھوں نے اپنے کیرئیر میں پہلی مرتبہ 5 وکٹیں حاصل کی ہیں، اِس کی بدولت انھیں 16 مقامات کا فائدہ ہوا ہے اور وہ بولروں کی فہرست میں 72 ویں مقام پر آگئے ہیں جبکہ آل راؤنڈرس کی فہرست میں وہ مشترکہ طور پر تیرہویں مقام پر موجود ہیں۔