رکن پارلیمنٹ کڑپہ کی ضمانت کی منسوخی پر ہائی کورٹ کا فیصلہ محفوظ

   

حیدرآباد /16 اپریل ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے سابق وزیر وائی ایس ویویکانند ریڈی قتل کے اہم ملزم وائی ایس اویناش ریڈی کی ضمانت منسوخ کرنے درخواست پر فیصلہ محفوظ کردیا ہے۔ اویناش ریڈی کڑپہ رکن پارلیمنٹ ہیں اور وہ مارچ 2019 میں ویویکانند ریڈی قتل کے اہم ملزم ہیں۔ گواہ معافی یافتہ شیخ دستگیری کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست سیاسی مقصد براری پر مبنی نہیں بلکہ زندگی کو خطرہ اور حملہ کے اندیشہ کے تحت ملزم کی ضمانت منسوخ کرنے درخواست داخل کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ دستگیری اور ان کے والد کو دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ سی بی آئی وکیل نے دستگیری کے موقف کی تائید کرکے کہا کہ گواہوں کے تحفظ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ایک گواہ کو مبینہ دھمکی پر عدالت میں پیش ہونے سے انکار کا حوالہ دیا۔ ویویکانند ریڈی کی دختر سنیتا کے وکیل نے انہیں اور افراد خاندان کو دھمکیوں کی شکایت کی۔ اویناش ریڈی کے وکیل نے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا۔ فریقین کی سماعت کے بعد جسٹس کے لکشمن نے فیصلہ محفوظ کردیا۔1