ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کا قہر ، پازیٹیو کیسیس میں اضافہ

   

ایک ہفتہ سے سنگین صورتحال ، ٹسٹ کم کروائے جارہے ہیں ، آئی سی ایم آر کا انکشاف
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ ریاست بالخصوص گریٹر حیدرآباد کے حدود میں کورونا کا قہر جاری ہے ۔ کورونا کے کم ٹسٹ کرائے جارہے ہیں مگر پازیٹیو کیسیس میں اضافہ ہورہا ہے ۔ تاحال 6 جون تک ریاست میں 35 ہزار کورونا ٹسٹ کرائے گئے ۔ 3496 پازیٹیو کیسیس کے معاملات سامنے آئے ۔ ابتداء سے جائزہ لیا جائے تو ریاست میں کورونا وائرس کا تناسب 10 فیصد رہا ہے ۔ ایک ہفتہ سے صورتحال سنگین ہوگئی ہے ۔ یومیہ اوسطاً 100 نئے کیسیس درج ہورہے ہیں ۔ دو دن قبل 680 ٹسٹ کیے گئے جن میں 206 افراد کا نتیجہ پازیٹیو برآمد ہوا ۔ ریاست تلنگانہ میں کورونا کے بہت کم ٹسٹ کرائے جارہے ہیں مگر اس میں بھی ٹسٹ کا نتیجہ تشویشناک صورتحال اختیار کررہا ہے ۔ ریاست میں اب کورونا معاملات کے ساتھ ساتھ اموات کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے ۔ ابھی تک 123 اموات واقع ہوئی ہیں ۔ کورونا ٹسٹ کے معاملے میں ہی نہیں ۔ کنٹراکٹ ٹریسنگ میں بھی تلنگانہ ملک کے دوسرے ریاستوں سے بچھڑ گیا ہے ۔ آئی سی ایم آر نے اس کا انکشاف کیا ہے ۔ آئی سی ایم آر نے 22 جنوری تا 30 اپریل تک مختلف ریاستوں میں ٹسٹنگ کے علاوہ کنٹراکٹ ٹریسنگ کا سروے کیا ۔ جس کو انڈین جنرل آف میڈیکل ریسرچ میں شائع کیا گیا ۔ واضح رہے کہ تلنگانہ میں پہلا کورونا وائرس کا پازیٹیو کیس 2 مارچ کو درج ہوا تھا ۔ 24 مارچ تک 764 افراد کا ٹسٹ کیا گیا ۔ اس کے بعد ریاستی وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے 28 مارچ کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اُس وقت تک ریاست میں جملہ 19,063 ٹسٹ کرانے کا دعویٰ کیا ۔ پھر 17 مارچ کو محکمہ صحت تلنگانہ نے ایک وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ 16 مارچ تک ریاست میں 23,388 کورونا ٹسٹ کیے گئے ۔ محکمہ صحت کے باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ 6 جون تک ریاست میں 35,154 کورونا ٹسٹ کرائے گئے ہیں ان میں 3496 پازیٹیو کیسیس درج ہوئے ۔ ان میں ایکٹیو کیسیس کی تعداد 1663 ہے ۔ مکمل صحت یاب ہو کر 1710 افراد ڈسچارج ہوئے جب کہ 123 افراد کی اموات ہوئی ہیں ۔ 7 جون کو ریکارڈ سطح پر تلنگانہ میں کورونا کی وجہ سے 14 اموات ہوئی ہیں ۔ یکم جون تک مرنے والوں کی تعداد 6 تھی ، 2 جون کو 4 اموات ، 3 جون کو 7 اموات ، 4 جون کو 6 اموات ، 5 جون کو 8 اموات ، 6 جون کو 10 اموات ، 7 جون کو 14 اموات واقع ہوئی ہیں ۔ ان میں 11 افراد کی عمر 50 سال سے زائد ہے ۔ وزیر صحت نے کہا کہ علامتیں نہ رہنے والے کورونا وائرس کے متاثرین کا اب سے گھروں میں علاج کیا جائے گا ۔ ایسے متاثرین کی صحت پر میڈیکل ٹیم نظر رکھے گی ۔ وزیر صحت نے ریاست میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں مزید اضافہ ہونے کے امکانات کا اظہار کرتے ہوئے عوام کو غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ عوام کو روزگار سے محروم ہونے سے بچانے کے لیے لاک ڈاؤن میں نرمی کی گئی ہے ۔۔