ریاست میں انتخابی اعلامیہ جاری ‘ نامزدگیوں کے ادخال کا بھی آغاز

   

انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی ۔ تمام تیاریاںمکمل ۔چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج کی پریس کانفرنس

حیدرآباد 18اپریل (سیاست نیوز)تلنگانہ میں پارلیمانی انتخابات کیلئے اعلامیہ کی اجرائی کے بعد چیف الکٹورل آفیسر وکاس راج نے آج میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں پرچہ نامزدگی کے ادخال کا عمل شروع ہوچکا ہے اور اعلامیہ کی اجرائی کے پہلے ہی دن42 امیدواروں نے جملہ 48پرچۂ نامزدگیاں داخل کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں صاف و شفاف انتخابات کیلئے تمام انتظامات کرلئے گئے ہیں اور پرچہ نامزدگی کی آخری تاریخ25 اپریل ہے جبکہ نامزدگی سے دستبرداری کی آخری تاریخ29 اپریل ہوگی۔ریاست میں 13 مئی کو چوتھے مرحلہ میں رائے دہی ہو گی جبکہ ملک بھر میں انتخابات کے نتائج 4جون کو منظر عام پرآئیں گے۔ انہوں نے انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں کو مشورہ دیا کہ وہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب نہ ہوں۔ مسٹر وکاس راج نے بتایا کہ انتخابی عمل کے آغاز سے اب تک مختلف امیدواروں ‘ سیاسی قائدین اور جماعتوں کے خلاف زائد از 4ہزار شکایات موصول ہوچکی ہیں جن کا جائزہ لیتے ہوئے کارروائی کی جا رہی ہے۔ چیف الکٹورل آفیسر نے بتایا کہ گذشتہ اسمبلی انتخابات کے مقابلہ میں ریاست میں خاتون ووٹرس کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے رائے دہی اور انتخابی عمل میں مصروف عملہ کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ لوک سبھا انتخابات اور حلقہ اسمبلی سکندرآباد کنٹونمنٹ ضمنی انتخاب کیلئے 204 بین ریاستی عہدیداروں کے علاوہ 444 فلائنگ اسکواڈ اور 160 مرکزی فورسس کی کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں اور 60کمپنیوں نے ریاست میں انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی خدمات کا آغاز کردیا ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ عام انتخابات کیلئے 2لاکھ 94ہزار انتخابی عملہ کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں جو مراکز رائے دہی پر مامور ہونگے۔ مسٹر وکاس راج نے امیداروں کو کسی طرح کی بدعنوانی اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سخت کاروائی کا انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں انتخابی قواعد کے مطابق پرچہ نامزدگی میں تمام تفصیلات کے اندراج کے علاوہ ان کے خلاف جاری مقدمات کی تشہیر کرنی چاہئے ۔ چیف الکٹورل آفیسر نے بتایا کہ امیدواروں کو پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے فوری بعد ایک بینک کھاتہ کھولنا چاہئے تاکہ انتخابی اخراجات اس کے ذریعہ کئے جاسکیں ۔ انہو ںنے واضح کیا کہ گذشتہ انتخابات میں جس کھاتہ سے انتخابی اخراجات دکھائے گئے تھے اسے قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوںنے موسم گرما کے پیش نظر تمام مراکز رائے دہی پر خصوصی انتظامات سے متعلق کہا کہ الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق طبی عملہ کے تقرر کے اقدامات بھی کئے جا رہے ہیں۔پریس کانفرنس میں جناب سرفراز احمد آئی اے ایس ‘ جناب محمد عبدالحمید ڈپٹی چیف الکٹورل آفیسر کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ اسمبلی انتخابات کے دوران جن 51 حلقہ جات اسمبلی میں بے تحاشہ دولت خرچ کی گئی تھی ان پر کمیشن کی جانب سے خصوصی نظر رکھنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہو ںنے ریاست میں ووٹرس کی تفصیلات سے متعلق کہا کہ تلنگانہ میں 3کروڑ31 لاکھ ووٹرس ہیں جن میں 18اور19 سال کے ووٹرس کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوزکرچکی ہے۔3