ریاست کے تمام ضلع کلکٹرس کو چوکس رہنے چیف سکریٹری کی ہدایت

   

3 دن تک بارش کی پیش قیاسی، این ڈی آر ایف کی ٹیموں کو چوکسی کا مشورہ
حیدرآباد 28 جولائی (سیاست نیوز) چیف سکریٹری سنجے جاجو نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ آئندہ 3 دن تک ریاست میں موسلا دھار بارش کے امکانات کے پیش نظر اضلاع میں سخت چوکسی برقرار رکھیں اور ضرورت پڑنے پر نشیبی علاقوں سے عوام کو محفوظ مقامات منتقل کیا جائے۔ سنجے جاجو نے ضلع کلکٹرس، پولیس کمشنرس اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کا اہتمام کیا اور ضلع واری سطح پر بارش کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ سنجے جاجو نے کہاکہ ریاست میں 5 تا 6 اضلاع میں معمول کے مطابق بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ 26 اضلاع میں بارش معمول سے کم ریکارڈ کی گئی۔ اُنھوں نے کہاکہ کم بارش والے اضلاع میں محکمہ زراعت نے کسانوں کو متبادل فصلوں کی ترغیب دیتے ہوئے مقررہ وقت پر کھاد اور بیج کی سربراہی کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف سکریٹری نے محکمہ زراعت کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ کسانوں کو بیج اور کھاد کی سربراہی کے لئے تیار رہیں۔ سنجے جاجو نے کہاکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 3 دنوں تک مختلف اضلاع میں بارش کی پیش قیاسی کی ہے اور مانسون کے زیراثر تقریباً تمام اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔ سنجے جاجو نے سرکاری محکمہ جات کے علاوہ این ڈی آر ایف کی ٹیموں کو تیار رہنے کی ہدایت دی۔ اُنھوں نے کہاکہ بھدراچلم اور ملگ کے علاوہ نرمل اضلاع میں این ڈی آر ایف کی ٹیموں کو تیار رکھا گیا ہے۔ حیدرآباد اور دیگر اہم شہروں میں ضرورت پڑنے پر این ڈی آر ایف کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ بارش کے دوران عوام کو تکالیف سے محفوظ رکھنے کے لئے ضلع کلکٹرس کو مشترکہ منصوبہ تیار کرنا چاہئے۔ ٹیلی کانفرنس میں پرنسپل سکریٹری جی اے ڈی احمد ندیم، سکریٹریز داسری ہری چندنا، سریندر موہن اور دوسروں نے شرکت کی۔V/1