الیکشن کمیشن کا حکومت کو مکتوب، اپریل یا مئی میں انتخابات منعقد ہونے کا امکان
حیدرآباد : ریاست میں 7 بلدیات و کارپوریشنس کے انتخابات کی تیاریوں کا آغاز ہوگیا ہے۔ اس سلسلہ میں ریاستی الیکشن کمیشن نے حکومت کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے انتخابی تیاریاں شروع کردینے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہیکہ گریٹر ورنگل، کھمم میونسپل کارپوریشنس کے ساتھ اچم پیٹ، سدی پیٹ، جڑچرلہ، نکریکل اور کوتور میونسپلٹیز کے ایک ساتھ انتخابات منعقد کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اپریل یا مئی میں انتخابات منعقد ہونے کے قوی امکانات ہیں۔ گریٹر ورنگل، کھمم میونسپل کارپوریشنس، اچم پیٹ (ضلع ناگرکرنول) میونسپلٹیز کونسلس کی میعاد 14 مارچ 2021ء کو مکمل ہورہی ہے۔ سدی پیٹ میونسپلٹی کی میعاد 15 اپریل کو مکمل ہورہی ہے۔ گرام پنچایتوں سے میونسپلٹیز درجہ تک اپ گریڈ ہونے والے نکریکل (ضلع نلگنڈہ) جڑچرلہ (ضلع محبوب نگر)، کوتو (ضلع رنگاریڈی) کے ماضی میں انتخابات نہیں کرائے گئے جن کی میعاد 5 سال قبل مکمل ہوئی۔ تلنگانہ میونسپل قانون 2019ء کے مطابق بلدیات کی میعاد مکمل ہونے سے تین ماہ قبل سے انتخابی تیاریوں کا آغاز ہوجانا چاہئے جس کے پیش نظر ان 7 بلدیات کے انتخابی تیاریاں شروع کردینے کی خواہش کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے حکومت کو مکتوب روانہ کیا ہے۔ گریٹر ورنگل، کھمم کاپوریشنس کے ساتھ سدی پیٹ، اچم پیٹ میونسپلٹیز میں مضافاتی پنچایتوں اور علاقوں کو ضم کرنے سے وارڈز کی تعداد میں اضافہ ان شہروں میں وارڈس کی ازسرنو حدبندی اور وارڈس ریزرویشن کرنے کی ضرورت پیدا ہوگئی ہے۔ نئے تشکیل پانے والے میونسپلٹیز نکریکل، جڑچرلہ اور کوتور کیلئے اس کی ضرورت نہیں ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے سفارش وصول ہونے کے بعد محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے وارڈس کی ازسرنو حد بندی کیلئے شیڈول کی اجرائی کا امکان ہے۔