ریجنل رنگ روڈ کی تعمیر میں حائل رکاوٹیں دور

   

جلد ہی تعمیراتی کاموں کا آغاز ، مرکزی حکومت سے اظہار تشکر ، وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔21فروری(سیاست نیوز) ریجنل رنگ روڈ کی تعمیر میں سابقہ حکومت کی جانب سے حائل کی گئی رکاوٹوں کو دور کرلیا گیا ہے اور جلد ہی ریجنل رنگ روڈ کے کاموں کو مکمل کرنے کیلئے تعمیراتی کاموں کا آغاز کیا جائے گا۔ وزیر عمارات و شوارع مسٹر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے مرکزی حکومت سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر اور تلنگانہ کے وزراء کے وفد کی نمائندگی پر مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ و قومی شاہراہ مسٹر نتن گڈکری نے فوری طور پر ریجنل رنگ روڈ کی تعمیر میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سابقہ حکومت کی جانب سے ریاست تلنگانہ میں زیر تعمیر رنگ روڈ کے کاموں کو روک دیا گیا تھا لیکن کانگریس حکومت کے وزراء نے مرکزی وزیر سے ملاقات کرتے ہوئے ان رکاوٹوں کو دور کرواتے ہوئے اس پراجکٹ کو قومی شاہراہ کا درجہ دلوانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ مسٹر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے بتایا کہ سابقہ حکومت نے مرکزی حکومت سے فنڈس حاصل کرنے کے بجائے ان ترقیاتی کاموں کو نظرانداز کرتے ہوئے ریاست کی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کردی تھیں۔ انہو ںنے بتایا کہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی قیادت میں مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ سے ملاقات کرنے والے وفد نے جب مسٹر نتن گڈکری کو نلگنڈہ سے گذرنے والی قومی شاہراہ سے بائی پاس روڈ کو مربوط کرنے کے سلسلہ میں توجہ دلوائی تو اسی وقت مرکزی وزیر نے ا س پراجکٹ کیلئے 700 کروڑ کی منظوری دیتے ہوئے پراجکٹ کے آغاز کی راہ ہموار کی ہے۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اندرون ایک ہفتہ اس پراجکٹ کے تعمیراتی کاموں کے آغاز کیلئے ٹنڈرس طلب کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور عہدیداروں کو اس بات کی ہدایت دی جاچکی ہے وہ اس پراجکٹ کے ڈی پی آر کے مطابق ٹنڈر طلب کرنے کے اقدامات کو یقینی بنائیں۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت مسٹر نتن گڈکری کی جانب سے فوری طور پر مطالبات کو منظور کئے جانے پر ان کی مشکور ہے ۔3