ریونت ریڈی نئی دہلی میں، کانگریس سنٹرل الیکشن کمیٹی اجلاس میں شرکت

   

8 امیدواروں کے ناموں کو کسی بھی لمحہ قطعیت، آج اعلان متوقع

حیدرآباد۔/27 مارچ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی آج نئی دہلی پہنچ گئے جہاں وہ کانگریس کی سنٹرل الیکشن کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا اور ریاستی وزیر اتم کمار ریڈی بھی کمیٹی کے ارکان کے طور پر شریک اجلاس ہیں۔ کانگریس پارٹی نے دو مرحلوں میں 9 حلقہ جات کیلئے پارٹی امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے جبکہ 8 حلقہ جات کے امیدواروں کو سنٹرل الیکشن کمیٹی کے اجلاس میں قطعیت دی جائے گی۔ کھمم، بھونگیر، میدک، کریم نگر، نظام آباد، عادل آباد، ورنگل اور حیدرآباد کے امیدواروں کا رات دیر گئے یا کل جمعرات کو اعلان ہوسکتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق 8 کے منجملہ 6 حلقہ جات کیلئے امیدواروں کے ناموں پر اتفاق رائے ہوچکا ہے جبکہ تین ناموں کے بارے میں الجھن برقرار ہے۔ کھمم، بھونگیر اور نظام آباد حلقہ جات کی امیدواری کیلئے کئی سینئر قائدین نے نہ صرف اپنے نام پیش کئے ہیں بلکہ کئی وزراء نے بھی رشتہ داروں کے ناموں کی سفارش کی ہے۔ کھمم سے ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے اپنی اہلیہ ایم نندنی کا نام پیش کیا ہے جبکہ وزیر مال سرینواس ریڈی نے اپنے بھائی پی پرساد ریڈی کے نام کی سفارش کی ہے۔ دیگر امیدواروں میں ریاستی وزیر ٹی ناگیشور راؤ کے بھائی ٹی یوگیندر اور راجندر پرساد شامل ہیں۔ بھونگیر لوک سبھا نشست کیلئے سی ایچ کرن کمار ریڈی، کے چندر شیکھر ریڈی، جی امیت اور کومٹ ریڈی فیملی سے کسی ایک کو امیدوار بنایا جاسکتا ہے۔ نظام آباد کیلئے جیون ریڈی، سنیل ریڈی اور انیتا ریڈی کے نام زیر غور ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ آج رات تک آٹھ حلقہ جات کے ناموں کو قطعیت دے دی جائے گی اور جمعرات کی صبح ناموں کا اعلان کردیا جائے گا۔ چیف منسٹر کے علاوہ تلنگانہ انچارج دیپا داس منشی نے بھی ہائی کمان کو اپنی رپورٹ حوالے کی ہے۔1