ریونت ریڈی کی گرفتاری پر کانگریس کی گروہ بندیاں منظر عام پر

   

احتجاج کیلئے کارکنوں کا دباؤ، سابق ارکان پارلیمنٹ کی ہائی کمان سے نمائندگی
حیدرآباد ۔9۔ مارچ (سیاست نیوز) ریاستی وزیر کے ٹی راما راو کے فارم ہاؤز کی تعمیر کو عوام میں بے نقاب کرنے والے رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی کی گرفتاری کانگریس پارٹی میں تنازعہ کا سبب بن چکی ہے۔ پولیس نے ریونت ریڈی پر ڈرون کیمرہ کے ذریعہ کے ٹی آر کے فارم ہاؤز کی فلمبندی کا الزام عائد کرتے ہوئے گرفتار کرلیا اور انہیں عدالتی تحویل میں چیرلہ پلی جیل منتقل کیا گیا ہے ۔ ریونت ریڈی کی گرفتاری کے خلاف رنگا ریڈی ، وقار آباد اور ملکاجگیری کے مختلف علاقوں میں کانگریس کارکنوں کی جانب سے احتجاج منظم کیا گیا لیکن پارٹی کی اعلیٰ قیادت اس مسئلہ پر خاموش ہے۔ صدرپردیش کانگریس اتم کمار ریڈی اور دیگر سینئر قائدین کی خاموشی پر اعتراض کرتے ہوئے ریونت ریڈی کے حامیوں نے گاندھی بھون میں ہنگامہ آرائی کی۔ ان کا مطالبہ تھا کہ صدرپردیش کانگریس اور دیگر قائدین کو ریونت ریڈی کی تائید میں مظاہرہ کرنا چاہئے ۔ اس مسئلہ پر پارٹی میں گروہ بندیاں منظر عام پر آچکی ہیں۔ پسماندہ طبقات اور ریڈی طبقہ سے تعلق رکھنے والے بعض سینئر قائدین ریونت ریڈی کے حق میں احتجاج کے خلاف ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ پارٹی کی جانب سے کوئی بھی احتجاج ریونت ریڈی کی شہرت میں اضافہ کا سبب بن سکتا ہے ۔ یہ وہ قائدین ہیں جو پردیش کانگریس کی صدارت پر ریونت ریڈی کے نام کی سختی سے مخالفت کر رہے ہیں ۔ انتخابات سے قبل پارٹی میں شامل ہونے والے ریونت ریڈی نے ملکاجگیری سے کامیابی کے بعد پردیش کانگریس کی صدارت کے لئے مساعی شروع کردی ہے ۔ کے ٹی آر کے فارم ہاؤز کے مسئلہ پر گرفتاری کے بعد کیڈر میں ان کی مقبولیت میں اضافہ ہوگیا اور مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے قائدین اتم کمار ریڈی سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ ریونت ریڈی کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کی قیادت کریں۔ ریونت ریڈی کے حامیوں کا ایک گروپ گاندھی بھون پہنچا اور وہاں موجود پارٹی قائدین سے اپیل کی کہ ریونت ریڈی کی تائید میں احتجاج کا اعلان کریں ۔ پارٹی کے بعض قائدین ریونت ریڈی کی تائید کر رہے ہیں ، ان میں سے بعض سابق ارکان پارلیمنٹ کونڈا وشویشور ریڈی ، ملو روی ، ایس راجیا اور بلرام نائک نے پارٹی ہائی کمان سے ملاقات کے لئے وقت مانگا ہے تاکہ ریونت ریڈی کی گرفتاری پر احتجاج کا مشورہ دیا ہے ۔ پارٹی کے سینئر قائدین دو گروپ میں منقسم ہوچکے ہیں۔ ریونت ریڈی کے حامیوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ 6 برسوں میں پہلی مرتبہ کے سی آر خاندان دفاعی موقف میں آیا ہے ۔ فارم ہاؤز کی غیر قانونی تعمیر کے مسئلہ کو عوام میں پیش کرتے ہوئے کے سی آر خاندان کی بدعنوانیوں کو بے نقاب کیا جاسکتا ہے ۔ کے ٹی آر نے آج تک فارم ہاؤز کے بارے میں کوئی وضاحت نہیں کی ۔ تالاب کے قریب کی اراضی پر فارم ہاؤز تعمیر کیا گیا ہے جو جی او 111 کے خلاف ہے۔ 25 ایکر اراضی کو جنواڑہ علاقہ میں گھیر کر فارم ہاؤز تعمیر کیا گیا ہے ۔ ٹی آر ایس قائدین نے وضاحت کی کہ کے ٹی آر فارم ہاؤز کو لیز پر حاصل کئے ہیں ۔ فارم ہاؤز کے مسئلہ پر کانگریس کو عوام کے درمیان جانے کی ضرورت ہے لیکن مخالف ریونت ریڈی قائدین احتجاج کے خلاف ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کے ٹی آر کے فارم ہاؤز کے علاقہ میں کویتا اور ہریش راؤ کی بھی اراضی ہے ۔ ریونت ریڈی نے رہائی کیلئے ضمانت کی درخواست داخل کرنے سے گریز کیا ہے، تاکہ کانگریس کو سیاسی فائدہ حاصل ہو۔ دیکھنا یہ ہے کہ اس مسئلہ پر کانگریس کے داخلی اختلافات کیا رنگ لائیں گے ۔ پردیش کانگریس کے صدر اتم کمار ریڈی نئی دہلی میں ہے لہذا وہ کسی احتجاج کی قیادت نہیں کرسکتے ۔