ریپ کے ملزم رکن اسمبلی کی اشتہار میں مودی کے ساتھ تصویر

   

اناو ( یو پی ) 16 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) عصمت ریزی کے ملزم رکن اسمبلی کلدیپ سنگھ سینگر کو حالانکہ بی جے پی نے پارٹی سے خارج کردیا ہے لیکن پارٹی کے ایک لیڈر کے جاری کردہ اشتہار میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ اہمیت کی جگہ دی گئی ہے ۔ یہ اشتہار یوم آزادی ہند کے سلسلہ میں لگایا گیا ہے ۔ یہ اشتہار مقامی اخبارات میں اونگو نگر پنچایت صدر نشین انوج کمار ڈکشت کی جانب سے شائع کیا گیا ہے جنہوں نے رکن اسمبلی کلدیپ سنگھ سینگر اور ان کی شریک حیات سنگیتا سنگھ سینگر کی تصاویر بھی شائع کی ہے ۔ سنگیتا سنگھ سینگر ضلع پنچایت کی صدر نشین ہیں۔ اونگو پنچایت سینگر کے اسمبلی حلقہ کے تحت آتی ہے ۔ اشتہار میں وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ ‘ چیف منسٹر یو پی آدتیہ ناتھ ‘ ریاستی بی جے پی کے صدر سواتنتر دیو سنگھ اور اترپردیش کے اسپیکر اسمبلی ہردئے نارائن ڈکشت کی تصاویر بھی شائع کی گئی ہیں۔ ڈکشت نے سینگر کی تصویر شامل کرنے کی مدافعت کی ہے اور کہا کہ وہ ہمارے علاقہ کے رکن اسمبلی ہیں اس لئے ان کی تصویر شائع کی گئی ہے ۔ بی جے پی نے خود کو اس تنازعہ سے الگ کرلیا ہے ۔ پارٹی ترجمان ایس ترپاٹھی نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ یہ کسی کا شخصی فیصلہ ہو ۔