ریڈ ہلز اور وجئے نگر کالونی حلقوں میں بھٹی وکرامارکا کا دورہ

   

رائے دہندوں سے ملاقات، فرقہ وارانہ ایجنڈہ کو مسترد کرنے عوام سے اپیل

حیدرآباد۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے آج حلقہ اسمبلی نامپلی کے ریڈ ہلزڈیویژن میں کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ ریڈ ہلز اور وجئے نگر کالونی ڈیویژنس میں کانگریس پارٹی کی مہم عروج پر ہے اور قائدین کے دورہ کے موقع پر رائے دہندوں کی جانب سے تائید کا اظہار کیا جارہا ہے۔ نامپلی انچارج فیروز خاں اور نائب صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی راشد خاں کے علاوہ مقامی قائدین نے انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ ریڈ ہلز امیدوار عائشہ فرحین اور وجئے نگر کالونی کی امیدوار عنایہ فاطمہ کو عوام بالخصوص خواتین کی جانب سے تائید کے حصول سے امید کی جارہی ہے کہ نامپلی اسمبلی حلقہ میں کانگریس بہتر مظاہرہ کرے گی۔ بھٹی وکرامارکا نے اس موقع پر عوام سے وعدہ کیا کہ گریٹر حیدرآباد کی ترقی کیلئے کانگریس دور حکومت میں جو اقدامات کئے گئے تھے اس کا تسلسل بلدیہ میں کامیابی کے بعد جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی فرقہ وارانہ ایجنڈہ کے بجائے ترقی کے نام پر ووٹ حاصل کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ حیدرآباد میں امن و امان اور فرقہ وارانہ یکجہتی کا فروغ کانگریس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں بی جے پی ، ٹی آر ایس اور مجلس نے عوام کو مذہب کی بنیاد پر منتشر کرنے کی کوشش کی ہے۔ کانگریس نے ہمیشہ عوام کی ترقی اور فلاح و بہبود پر توجہ مرکوز کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نامپلی اسمبلی حلقہ میں کانگریس قائدین نے کورونا وباء اور حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے موقع پر بڑے پیمانے پر امدادی کام انجام دیئے ہیں۔ فیروز خاں نے بتایا کہ سلم علاقوں میں سیلاب کے متاثرین کو امداد کی فراہمی میں کانگریس قائدین کامیاب رہے جبکہ مقامی موجودہ عوامی نمائندوں نے کوئی توجہ نہیں دی۔ وجئے نگر کالونی ڈیویژن کے انجمن، فیروزگاندھی نگر، تاج نگر، کیلاش نگر، فٹبال گراؤنڈ، زیبا باغ، کمہار واڑی، یادو بستی اور دیگر علاقوں میں پدیاترا کا اہتمام کیا گیا۔