زکوٰۃ کے اجتماعی نظام کے ذریعہ مستحقین کو خود کفیل بنانے کی کوشش

   

محبوب نگر میں زکوٰۃ سنٹر کا تقسیم زکوٰۃ پروگرام اور نئے دفتر کا افتتاح، عبدالجبار صدیقی و دیگر کا خطاب
محبوب نگر8/اکٹوبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )زکوٰۃ سنٹر انڈیا – محبوب نگر یونٹ کے زیرِ اہتمام ایس ایم فنکشن ہال، محبوب نگر میں تقسیم زکوٰۃ پروگرام منعقد ہوا۔ پروگرام میں زکوٰۃ سنٹر انڈیا کے نیشنل جنرل سکریٹری جناب عبدالجبار صدیقی صاحب اور تلنگانہ، آندھرا پردیش و کرناٹک کے ریجنل ایگزیکٹو آفیسر مولانا جاوید بیگ عمری نے بحیثیت مہمانانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر مولانا مطیع الرحمن مفتاحی ، مولانا محمد عبد الناصر مظاہری اور امیر جماعت جناب حامد رئیس کے علاوہ علمائے کرام، تاجر حضرات اور شہر کی دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا، جبکہ مظہر شریف صاحب نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ اس کے بعد زکوٰۃ سنٹر انڈیا – محبوب نگر یونٹ کے سکریٹری جناب عبد القیوم نے ایک تفصیلی پریزنٹیشن کے ذریعے زکوٰۃ سنٹر انڈیا کے تعارف، اس کے نظام و ڈھانچے، زکوٰۃ جمع کرنے، مستحق افراد کی شناخت و جانچ اور منظم انداز میں زکوٰۃ کی تقسیم کے طریق کار پر روشنی ڈالی۔جناب عبدالجبار صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ زکوٰۃ کے اجتماعی نظام کو ان اصولوں کے مطابق مضبوط کرنے کی ضرورت ہے جن پر عہدِ نبوی ﷺ میں عمل کیا جاتا تھا۔ عبدالجبار صدیقی نے بالخصوص زکوٰۃ سنٹر انڈیا محبوب نگر یونٹ کے مستحق افراد کو خود کفیل بنانے کے طریقہ کار کی ستائش کی۔ زکوٰۃ سنٹر انڈیا محبوب نگر یونٹ کے صدر محمد مقصود صاحب نے یونٹ کی کارکردگی پیش کرتے ہوئے بتایا کہ مختلف مراحل میں مجموعی طور پر 56 مستحق افراد کو روزگار، تعلیم، ہنر، طبی اور فلاحی امداد فراہم کی گئی۔تعلیم اور ہنر کے شعبے میں 23 طلبہ کے لیے 15 مختلف پیشہ ورانہ کورسز کا انتظام کیا گیا۔ ان کورسز کی بازار میں مجموعی لاگت تقریباً 13.5 لاکھ روپے تھی، لیکن تلنگانہ اکیڈمی فار اسکل اینڈ نالج کے تعاون اور سرکاری فیس ری ایمبرسمنٹ کے ذریعے ان کورسز کو تقریباً 15 ہزار روپے میں مکمل کرایا گیا۔ اس کے علاوہ ضرورت مند طلبہ کو تعلیمی اور ہنر سے متعلق دیگر امداد بھی فراہم کی گئی۔جناب محمد مقصود نے کہا کہ زکوٰۃ سنٹر انڈیا محبوب نگر یونٹ کا مقصد زکوٰۃ کو صرف ایک مرتبہ کی وقتی امداد تک محدود رکھنا نہیں ہے۔ جہاں ممکن ہو، تعلیم، ہنر اور روزگار کے ذریعے مستحق افراد کو خود کفیل بنانا اور جہاں طبی یا بنیادی ضرورت ہو وہاں بروقت مناسب امداد پہنچانا، زکوٰۃ کے اس اجتماعی نظام کا اہم حصہ ہے۔پروگرام کے بعد زکوٰۃ سنٹر انڈیا ۔ محبوب نگر یونٹ کے نئے دفتر کا افتتاح جناب عبدالجبار صدیقی صاحب اور مولانا مطیع الرحمن مفتاحی کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر مولانا مطیع الرحمن مفتاحی نے دعا فرمائی۔پروگرام میں محمد رئیس، غلام غوث (لیکچرر)، سراج الدین، محسن خان، محمد سلیم، مجلسی کارپوریٹر عبدالرشید مشتاق، مسلم سنگم سے محمد علیم الدین، رحمان صوفی، محمد صادق اور محمد طیب کے علاوہ زکوٰۃ سنٹر انڈیا کے ذمہ داران، تاجر حضرات اور شہر کے دیگر معزز افراد نے بھی شرکت کی۔