سابق اسپیشل چیف سکریٹری جناب جنت حسین کا انتقال

, ,

   

مفت برقی اور 4 فیصد مسلم تحفظات کا سہرا مرحوم کے سر
حیدرآباد۔23فروری(سیاست نیوز) متحدہ آندھراپردیش کے اسپیشل چیف سیکریٹری و ریٹائرڈ آئی اے ایس آفیسر جناب جنت حسین کا آج صبح کی اولین ساعتوں میں ان کے مکان واقع نیلور میں انتقال ہوگیا۔ جناب جنت حسین نے 2004 میں ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کے اقتدار حاصل کرنے کے بعد ریاست کے کئی اہم فیصلوں میں کلیدی کردار ادا کیا تھا اور آج تلنگانہ و آندھراپردیش میں جو 4فیصد مسلم تحفظات فراہم ہیں وہ بھی جناب جنت حسین کے دور میں شروع کئے گئے تھے ۔ 4 فیصد مسلم تحفظات کے احکام کے علاوہ آندھراپردیش میں کسانوں کو مفت برقی کے تاریخ ساز فیصلہ پر بھی جناب جنت حسین کے دستخط ہیں ۔1977 بیاچ کے آئی اے ایس عہدیدار جناب جنت حسین کی وظیفہ پر سبکدوشی کے بعد حکومت نے انہیں چیف انفارمیشن کمشنر آندھراپردیش فائز کیا تھا ۔ جنت حسین نے 4فیصد تحفظات کی فائل تیار کی تھی اور مختلف محکمہ جات کے ساتھ اشتراک سے اس پر عمل کو یقینی بنایا تھا۔ سبکدوشی کے چند برس بعد سے ہی جناب جنت حسین کی صحت ناساز تھی اور وہ چند برسوں سے الزائمر کے شکار تھے ۔انہیں راج شیکھر ریڈی کے علاوہ سابق چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے ساتھ بھی کام کرنے کا اعزاز حاصل تھا۔ انہوں نے 2010 میں سبکدوشی کے بعد 2014 تک انفارمیشن کمشنر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو فرزندان اور ایک دختر شامل ہیں ۔ جناب جنت حسین کی نماز جنازہ مسجد قبور پنجہ گٹہ میں24 فروری بروز ہفتہ ادا کی جائے گی۔3