سابق گورنر عزیز قریشی کیخلاف غداری کا مقدمہ

,

   

بریلی ؍رامپور : اُترپردیش کی یوگی حکومت کے خلاف تبصرہ کرنے کے پاداش میں سابق گورنر ڈاکٹر عزیز قریشی کے خلاف وطن سے غداری کا مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔بریلی کے اڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس اویناش چندر نے پیر کو بتایا کہ ڈاکٹر قریشی ہفتہ کو سماج وادی پارٹی(ایس پی) رکن پارلیمنٹ اعظم خان کی فیملی سے ملاقات کیلئے رام پور گئے تھے ۔ اس دوران انہوں نے میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں سیتاپور جیل میں قید اعظم خان پر زیادہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے یوگی حکومت کے خلاف تبصرہ کیا تھا۔سابق گورنر کے تبصرہ سے ناراض بی جے پی لیڈر آکاش سکسینا نے اتوار کی رات ڈاکٹر قریشی کے خلاف رام پور کے سول لائنس تھانے میں آئی پی سی کی دفعات 153اے ،153بی،124اے (غداروطن) اور 505 کے تحت مقدمہ درج کرایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تفتیش میں جوبھی حقائق سامنے آئیں گے ان کے مطابق آگے کی کاروائی ہوگی۔قابل ذکر ہے کہ اترپردیش و اتراکھنڈ کے گورنر رہ چکے ڈاکٹر قریشی نے ہفتہ کی رات اعظم خان کے کنبے سے ملاقات کے دوران کہا تھا کہ یہ انسان اور شیطان کی لڑائی ہے۔ ایک طرف انسان ہے جبکہ دوسری طرف شیطان ہیں ایسے میں صرف دعا کی جاسکتی ہے ۔انہوں نے کہا تھا کہ رامپور والوں کو اس کے خلاف سڑکوں پر اترنا چاہئے ۔سڑکیں بند کردینی چاہئے ۔