’ ساری فلم انڈسٹری کو خراب کہنا غلط‘، جیہ بچن کو ہیما مالنی کی تائید

,

   

نئی دہلی: اداکار اور بی جے پی رہنما روی کشن نے پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے پہلے روز بالی ووڈ میں منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال اور اسمگلنگ کا معاملہ اٹھایا تھا، جس پر سماج وادی پارٹی سے رکن راجیہ سبھا جیا بچن نے اعتراض ظاہر کیا۔ انہوں نے مانسون اجلاس کے دوسرے دن راجیہ سبھا میں کہا کہ ‘بالی ووڈ کو بدنام کرنے’ کی کوشش کی جا رہی ہے۔ کسی کا نام لئے بغیر انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ تفریحی دنیا کو گندا کر رہے ہیں۔اداکارہ اور متھرا سے بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ ہیما مالنی نے جیا بچن کے بیان کی حمایت کی ہے۔ ایک نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صرف بالی ووڈ انڈسٹری میں ہی منشیات کے استعمال کی بات کیوں کی جا رہی ہے؟ انہوں نے کہا کہ ایسی اور بھی انڈسٹریز ہیں جہاں منشیات کا استعمال ہوتا ہے اور یہ دنیا میں ہر جگہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ہماری انڈسٹری میں ضرور ایسا ہوتا ہوگا لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ پوری انڈسٹری ہی خراب ہے۔ جس طرح سے لوگ بالی ووڈ کو نشانہ بنا رہے ہیں وہ بہت غلط ہے۔ یہ صحیح نہیں ہے۔‘‘