آسٹریلیا سے 12 ہندوستانی بھی شامل، حکومت ہند اور وزارت خارجہ سے اعداد و شمار کی اجرائی
حیدرآباد۔24۔مئی ۔ (سیاست نیوز) سال 2021تا2025 کے دوران دنیا کے مختلف ممالک سے ہندستانی شہریوں کو جلا وطن کرنے کے مجموعی طور پر تعداد کا مشاہدہ کیا جائے تو یہ 1لاکھ 71 ہزار 150 سے تجاوز کرچکی ہے ۔ گذشتہ دنوں آسٹریلیاء نے زائد از 12ہندستانی نوجوانوں کو جلا وطن کرتے ہوئے دنیا کے مختلف ممالک سے ہندستانی شہریوں کو جلاوطن کئے جانے کے معاملہ کی بحث کو دوبارہ چھیڑدیا ہے ۔ حکومت ہند اور وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کئے گئے اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے تو 2021تا 2025کے دوران 1لاکھ 71ہزار 150 سے زائد ہندستانی شہریوں کو کئی ممالک سے جلا وطن کیا گیا جاچکا ہے اور سال 2025 میں جلا وطن کئے جانے والے ہندستانیوں کی تعداد میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے۔ دنیا کے 52 ممالک سے اس مدت کے دوران ہندستانی شہریوں کو جلا وطن کئے جانے کے ریکارڈ دستیاب ہیں جہاں سے مختلف وجوہات کی بناء پر ہندستانی شہریوں کو واپس ہندستان روانہ کردیا گیا ہے۔گذشتہ دنوں آسٹریلیاء نے جن 12 سے زائد نوجوانوں کو جلا وطن کرتے ہوئے ہندستان واپس کیا ہے ان پر جعلی اسنادات کے ذریعہ آسٹریلیاء کی جامعات میں داخلہ حاصل کرنے کا الزام ہے جبکہ کینیڈا سے بھی گذشتہ دنوں کینیڈا کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر کاروائی کرتے ہوئے انہیں جلا وطن کیا گیا ہے۔ سال 2021کے دوران مجموعی طو رپر 37ہزار 163 ہندستانی شہریوں کو مختلف ممالک سے جلا وطن کیاگیا ہے جو کہ 24 ممالک سے واپس کئے گئے تھے ۔ سال 2022 کے دوران 29 ممالک سے مجموعی طور پر 40ہزار 990 ہندستانی شہریوں کو جلا وطن کرتے ہوئے ہندستان واپس روانہ کیا گیا تھا ۔ 32ممالک نے 2023 کے دوران 45ہزار 6 ہندستانیوں کو جلا وطن کرتے ہوئے ملک واپس روانہ کیا تھا ۔سال 2024 میں ہندستانیوں کو جلا وطن کرنے کے معاملات میں زبردست گراوٹ ریکارڈ کی گئی تھی اور اس سال 38ممالک سے جملہ 25ہزار603 ہندستانی شہریوں کو مختلف وجوہات کی بناء پر ملک واپس روانہ کردیا گیا تھا۔وزارت خارجہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی تفصیلات کے مطابق سال 2025کے دوران جلا وطن کرنے والے ممالک کی تعداد میں اضافہ کے ساتھ افراد کی تعداد میں بھی زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ 2025کے دوران 42ممالک نے 32ہزار 388 ہندستانی شہریوں کو جلا وطن کرتے ہوئے ہندستان واپس کردیا تھا۔ جن ممالک سے ہندستانی شہریوں کو جلا وطن کیا جاتا ہے ان میں سب سے زیادہ حصہ سعودی عرب کا ریکارڈ کیا جا رہا ہے اور اس مدت کے دوران دوسرے نمبر پر متحدہ عرب امارات ہے جہاں سے جلا وطن ہندستانیوں کی دوسری بڑی تعداد واپس ہندستان پہنچتی ہے۔ اسی طرح امریکہ تیسرے نمبر پر ہے جہاں سے ہندستانیوں کو جلا وطن کرنے کے معاملات سامنے آئے ہیں اس کے علاوہ جن ممالک سے ہندستانی شہریوں کو جلا وطن کیا جانے لگا ہے ان میں ملیشیاء ‘ میانمار اور قطر شامل ہیں۔3
عثمانیہ یونیورسٹی کے 28 مئی کے امتحانات ملتوی
حیدرآباد 24 مئی (سیاست نیوز) عثمانیہ یونیورسٹی کی جانب سے 28 مئی کو منعقد ہونے والے تمام امتحانات کو ملتوی کردیا گیا ہے۔ یونیورسٹی نے بقرعید کی تعطیل میں تبدیلی کے پیش نظر جو 28 مئی کو ہوگی، یہ فیصلہ کیا ہے۔ ایک تفصیلی ٹائم ٹیبل بعد میں جاری کیا جائے گا۔V/A