ساٹھ دن بعد بھی کشمیر میں حالات بہت خراب

,

   

میگسیسی انعام یافتہ سماجی جہدکار سندیپ پانڈے نے کہا’بڑی تعداد میں لوگ جیل میں بند اور نظر بند ہیں‘
نئی دہلی۔ میگسیسی انعام یافتہ سماجی کارکن سندیپ پانڈے نے کہاکہ ائین کی دفعہ370کو ختم کیے جانے کے ساٹھ دن گذر گئے ہیں پھر بھی وہاں حالات انتہائی خراب ہیں۔انہوں نے کہاکہ بڑی تعداد میں لوک جیل بند اور نظر بند ہیں۔

ان کی قیادت میں ایک وفد کو کل کشمیر ائیر پورٹ پر روک لیاگیا اور اسے باہر جانے نہیں دیاگیا بلکہ جبری اسے دہلی واپس بھیج دیاگیا۔

مسٹر پانڈے نے ہفتہ کو صحافیوں کو بتایا کہ راشٹرایہ جن آندولن سمنوے کے وفد کے ساتھ جب وہ کل صبح سری نگر ائیرپورٹ پر اترے تو پتہ چلا کہ بڈگام ضلع مجسٹریٹ نے ان کے خلاف حکم جاری کیا تھا کہ انھیں کشمیر نہ جانے دیاجائے کیونکہ ان کے بارے میں انہیں خبر ملی ہے کہ وہ لوگوں کو اشتعال دلانے کے لئے عوامی ریالی کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے وفد میں خدائی خدمت گار کے فیصل خان‘ محمد جاوید ملک‘ مصطفی محمد اور لوک شکتی کے پرفل سمانتارا شامل تھے۔

وہ لوگ وہاں خدائی خدمت گار کے ساتھیوں سے ملنے گئے تھے ان کا مقصد عوامی ریالی یامیٹنگ کرنا نہیں تھا اس کے لئے جب انہیں ائیر پورٹ پر اچانک روک لیاگیاتو حیرت بھی ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ وہاں پولیس نے ان کی بیوی کے بار میں پوچھ تاچھ کی جبکہ وہ ہمارے ساتھ وہاں گئی بھی نہیں تھیں اور نہ ان کا وہاں جانے کا کوئی پروگرام تھا۔

انہوں نے کہاکہ ائیر پورٹ کے لاؤنچ سے باہر نہیں جانے دیاگیا‘ ائیر پورٹ کے ویٹنگ ہال میں گھومنے بھی نہیں دیاگیا۔

سوشلسٹ پارٹی سے منسلک مسٹر پانڈے نے کہاکہ حکومت تودعوی کرتی ہے کہ حالات معمول پر ہیں تو پھر ان ے جیسے امن پسند کارکنوں کو کیوں روکا گیا۔

انہوں نے سوال کیا جب سعید حمیدہ‘ شبنم ہاشمی‘ اور جہاں دیریز کشمیر جاسکتی ہیں تو وہ کیوں نہیں۔مسٹر پانڈے نے کہاکہ حکوت کشمیر میں ترقی کے لئے دفعہ 370ہٹانے کی بات کرتی ہے جبکہ اسے ہٹانے سے ریلوے کو دوکروڑ کا نقصان ہوچکا ہے۔

سیب اور اخروٹ خراب ہورہے ہیں جس سے معیشت او رسیاحت کو بھی نقصان ہورہا ہے۔

اسکول خالی ہیں ہر جگہ دفعہ144نافذ ہے اور اس کے احتجاج میں دھرنا او رمظاہرے ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ان کے ساتھ جارہے مسافروں سے وہاں کے حالات کے بارے میں پتہ چلا کہ لوگوں میں کافی غصہ اور بے چینی ہے۔

انہوں نے وہاں بلاک پنچایت انتخابات کراکے ریاست میں جمہوریت بحال کرنے اور لوگوں کو رہا کرنے اور صورتحال معمول پر لانے کی اپیل کی ہے