ساکشی ملک کاریٹائرمنٹ کھیلوں کی دنیا کیلئے سیاہ دن

   

بیٹی رُلاؤ،بیٹی ستاؤ اور بیٹیوں کو گھر بٹھاؤ،بی جے پی کا نعرہ بن چکا : کانگریس

نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ اولمپک تمغہ جیتنے والی پہلوان ساکشی ملک کی کھیلوں پر حکومت کے ’’غلبہ‘‘کی وجہ سے ریٹائرمنٹ ملک کے کھیلوں کی تاریخ کا سیاہ دن ہے اور بی جے پی حکومت کو اس سلسلے میں ملک کو جواب دینا چاہیے ۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری رنویر سنگھ سرجے والا اور اولمپک باکسنگ میڈلسٹ وجیندر سنگھ نے جمعہ کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ پہلوان بیٹیوں کے جنسی استحصال کے ملزم بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ برج بھوشن سنگھ کے قریبی ساتھی سنجے سنگھ کا ریسلنگ فیڈریشن کا صدر بننے کے بعد اولمپک تمغہ جیتنے والی پہلی خاتون پہلوان ساکشی ملک کا ریٹائرمنٹ کا فیصلہ ہندوستان کے کھیل کی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسان کی پہلوان بیٹی کی آنکھوں سے نکلنے والا ہر آنسو مودی حکومت کے ذریعہ بیٹیوں کی توہین کا ثبوت ہے ۔’’بیٹی رُلاؤ،بیٹی ستاؤ اور بیٹیوں کو گھر بیٹھاؤ‘‘ بی جے پی کا نعرہ بن گیا ہے ۔ یہ ملک کی بدقسمتی ہے کہ پہلا اولمپک تمغہ جیتنے والی ہریانہ کے ایک عام کسان خاندان کی بیٹی مودی سرکار کے ’دبدبہ‘ کے ہاتھوں گھر بیٹھنے پر مجبور ہے ۔ پہلوان بیٹیاں انصاف کیلئے جنتر منتر پر بیٹھی رہیں لیکن بی جے پی حکومت دہلی پولس کے ذریعے انہیں کچل رہی ہے ۔کانگریس لیڈروں نے کہا کہ حیران کن بات یہ ہے کہ جنسی استحصال کا شکار بننے والی خاتون پہلوان نے خود وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ساتھ ملک کے وزیر داخلہ اور وزیر کھیل سے بھی اپیل کی تھی۔ سپریم کورٹ کے حکم کے بعد ایف آئی آر درج کی گئی لیکن بی جے پی رکن اسمبلی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ آج ملک کی یہ مظلوم بیٹیاں مودی حکومت سے سوال کر رہی ہیں کہ ان کے ساتھ ہونے والی ناانصافی پر خاموش کیوں ہے ؟ ملک کی پارلیمنٹ، صدرجمہوریہ، وزیر اعظم، لوک سبھا کے اسپیکر، راجیہ سبھا کے چیئرمین اور کھیلوں کی شخصیات خاموش کیوں ہیں؟