کسانوں اور صارفین دونوں کے لیے مضر ہونے کا ادعا : کودنڈا ریڈی
حیدرآباد 21 جنوری : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ فارمرس کمیشن چیرمین ایم کودنڈا ریڈی نے باغبانی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ سبزیوں کی کاشت کے دوران کیڑے مار دوا کا استعمال کم کرکے سبزیوں کی فصل کی کاشت بڑھانے کو ترجیح دیں ۔ انہوں نے بتایا کہ کیڑے مار ادویات کا زیادہ استعمال کرنے سے کم مدت میں زیادہ پیداوار ہوتی ہے لیکن یہ کسانوں اور صارفین کی صحت کیلئے کافی نقصان دہ ہے ۔ انہوں نے نامیاتی کاشتکاری کے طریقے کو اپنانے پر زور دیا جس سے کسان و صارفین دونوں کو فائدہ ہوگا ۔ حکام نے بیگن اور بھینڈی کی کاشت میں ضرورت سے زیادہ کیڑے مار ادویات کے استعمال پر تشویش کا اظہار کیا ۔ کودنڈا ریڈی نے کاشت کو فروغ دینے اور کسانوں کو حکومت کی جانب سے دی جانے والی سبسیڈی کو یقینی بنانے کے ریاست کے ہدف کا خاکہ پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم جلد ہی عظیم تر حیدرآباد کے آس پاس سبزی اگانے والے علاقوں کا دورہ کرینگے اور کسانوں سے براہ راست بات کریں گے ۔ انہوں نے منڈل سطح کے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ کیڑے مار ادویات کے اندھا دھند استعمال کو کنٹرول کرنے پر توجہ دیں ۔ اس پر ریاستی اور ضلعی حکام دونوں کو نظر رکھنے کی ضرورت ہے جس سے سبزیوں کی کاشت بہتر ہوسکے اور اس کے استعمال پر صارفین کو نقصان نہ ہو۔ ش