ستمبر کے اواخر تک نامزد عہدوں پر تقررات کئے جائیںگے : مہیش کمار گوڑ

   

80 فیصد عہدے پرانے اور وفادار قائدین کو اور 20 فیصد عہدے نوجوانوں کو مختص کرنے کا اعلان
حیدرآباد ۔ 19 ستمبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ نے اعلان کیا ہیکہ ریاست میں زیرالتواء تمام نامزد عہدوں پر تقررات کا عمل ستمبر کے اواخر تک مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان تقررات میں 70 سے 80 فیصد عہدے پارٹی کے پرانے مخلص اور وفادار قائدین کو دیئے جائیں گے جبکہ ماباقی 20 فیصد عہدے نئے اور باصلاحیت قائدین کو مختص کئے جائیں گے کیونکہ پارٹی کو نئے خون کی بھی ضرورت ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے اعتراف کیا کہ ماضی میں عہدوں کی تقسیم میں کچھ غلطیاں ہوئی تھیں لیکن اب صرف ان لوگوں کو ترجیح دی جائے گی جو پارٹی کیلئے زمین پر محنت کررہے ہیں۔ انہوں نے کارکنوں کی انتھک محنت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان ہی کی بدولت کانگریس اقتدار میں آئی ہے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے بی آر ایس پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لوٹ مار کرنا اور پھر منہ چھپانا بی آر ایس کی پرانی فطرت ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ فلاح و بہبود اور ترقیاتی کاموں میں آج تلنگانہ کا مقابلہ ملک کی کوئی دوسری ریاست نہیں کرسکتی اور عوام میں حکومت کے تئیں زبردست مثبت ماحول ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے کانگریس کیڈر کو ہدایت دی کہ وہ حکومت کی فلاحی اسکیمات کو گھر گھر تک پہنچائیں اور کامل اعتماد ظاہر کیا اور کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں 100 سے زائد اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے کانگریس دوبارہ اقتدار حاصل کرے گی۔ مہیش کمار گوڑ نے سابق چیف منسٹر کے سی آر پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ کے سی آر کے ارکان خاندان کی اراضیات کے معاملے میں تحقیقات جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے استفسار کیا کہ اتنی بھاری تعداد میں سینکڑوں ایکر اراضی کہاں سے آئی۔ اگر وہ اراضیات ان کی ہیں تو دستاویزات پیش کرنے کا چیلنج کیا۔H/M/2