سرحدپر ہندوستان کی فوجی تیاریوں سے کشیدگی : چین

   

بیجنگ : چین کی وزارت خارجہ نے کہاکہ چین سے متصل سرحد پر فوج کی تعیناتی اور انفراسٹرکچر کو فروغ دینے ہندوستان کا فیصلہ ہی سرحدی کشیدگی کی اصل وجہ ہے۔ بیجنگ نے متنازعہ سرحد کے قریب فوجی تنصیبات تعمیر کرنے ہندوستان کے فیصلہ کے خلاف آواز اُٹھائی ہے۔ کچھ دنوں سے ہندوستان نے اپنی سرحد پر فوجی تیاریوں میں اضافہ کردیا ہے۔ ہم نے ہندوستان پر زور دیا تھا کہ وہ صورتحال کو کشیدہ بنانے سے گریز کرتے ہوئے ہمارے اتفاق رائے کے ساتھ امن کی پیشرفت کی جائے۔ سرحد پر امن کی برقراری کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جانے چاہئے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان ژہو لیجان نے لداخ اور اروناچل پردیش میں تمام موسمی پُلوں کی تعمیر سے متنازعہ سرحد تک رسائی حاصل کرنے سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ ہندوستان اِس سرحد پر اپنے انفراسٹرکچر کو مضبوط بنارہا ہے۔ حقیقی خط قبضہ سے متصل سرحدی علاقوں میں ہندوستان کی یہ تیاری ہمارے لئے باعث تشویش ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ لداخ کو مرکزی زیرانتظام علاقہ قرار دینا غیر قانونی ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کی وجہ بھی یہی ہے۔