سرسلہ ضلع کلکٹر و ایس پی نے اپرمانیر ڈیم کا معائنہ کیا

   

گمبھی راؤپیٹ، سرسلہ 6 اگست(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر سرسلہ گریما اگروال نے محکمہ آبپاشی، ریونیو اور پولیس کے عہداروں کو ہدایت دی ہے کہ اپر مانیر ڈیم کے سلسلے میں مکمل چوکس رہیں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر عوام کو بروقت اطلاع فراہم کریں۔ کلکٹر گریما اگروال نیآج ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مہیش بی گیتے اور محکمہ آبپاشی کے افسران کے ہمراہ گمبھی راؤپیٹ منڈل کے نرمال گاؤں میں واقع اپر مانیر ڈیم۔کا معائنہ کیا۔اس موقع پر کلکٹر نے ڈیم میں موجودہ آبی سطح، مکمل ذخیرہ کرنے کی گنجائش اور بالائی علاقوں سے ممکنہ سیلابی پانی کی آمد کے بارے میں محکمہ آبپاشی کے افسران سے تفصیلی معلومات حاصل کیں۔محکمہ آبپاشی کے افسران نے بتایا کہ اس وقت کوداویلی اور پالوانچہ نالوں سے پروجیکٹ میں پانی کی آمد نہیں ہو رہی ہے۔ پروجیکٹ کی مکمل گنجائش 2 ٹی ایم سی ہے جبکہ فی الحال تقریباً 1.6 ٹی ایم سی پانی ذخیرہ ہے۔ضلع کلکٹر گریما اگروال نے کہا کہ بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث پروجیکٹ میں مزید سیلابی پانی آنے اور مکمل سطح تک بھرنے کا امکان موجود ہے، اس لیے محکمہ آبپاشی، ریونیو اور پولیس کے افسران مسلسل نگرانی کریں۔انہوں نے ہدایت دی کہ پروجیکٹ کے اطراف واقع دیہات کے کسانوں اور عوام کو پانی کی سطح سے متعلق وقتاً فوقتاً آگاہ کیا جائے۔ اگر پروجیکٹ کے ویئر (مٹڈی) سے پانی کا اخراج شروع ہو جائے تو پولیس اور ریونیو محکمے فوری طور پر بیریکیڈنگ کرکے آمد و رفت کو کنٹرول کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔اس معائنہ کے دوران سرسلہ آر ڈی او شری دھر بابو، ضلع آبپاشی افسر دیاکر، پرشانت، تحصیلدار ماروتی، سرپنچ ارچنا اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔