سرکاری اسکیمات کے استفادہ کنندگان کے انتخاب میں شفافیت: بھٹی وکرامارکا

   

حیدرآباد۔/19 جنوری، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ 26 جنوری سے شروع ہونے والی حکومت کی چار نئی اسکیمات کے استفادہ کنندگان کا انتخاب گرام سبھاؤں کے ذریعہ کیا جائے گا اور انتخابی عمل میں مکمل شفافیت رہے گی۔ بھٹی وکرامارکا نے کھمم میں مختلف ترقیاتی اسکیمات کے افتتاح کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اسکیمات کے سلسلہ میں عوام کو اندیشوں کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ کوئی بھی مستحق خاندان حکومت کی اسکیمات سے محروم نہیں رہے گا۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ رعیتو بھروسہ، اندراماں آتمیا بھروسہ، اندراماں ہاؤزنگ اور نئے راشن کارڈز کی اجرائی کے عمل کا 26 جنوری سے آغاز ہوگا۔ چاروں اسکیمات کیلئے حکومت پہلے مرحلہ میں 48 ہزار کروڑ خرچ کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رعیتو بھروسہ اسکیم کے تحت قابل کاشت اراضیات کو فی ایکر 12 ہزار روپئے کی امداد دی جائے گی۔ بے زمین زرعی مزدوروں کو سالانہ 12 ہزارروپئے کی امداد کے وعدہ پر عمل آوری کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اندراماں ہاؤزنگ اور نئے راشن کارڈز کی اجرائی کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط جاری کئے گئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ راشن کارڈز کی اجرائی جاریہ عمل ہے اور موجودہ راشن کارڈز کو منسوخ نہیں کیا جائے گا۔1