سرکاری دواخانوں میں آکسیجن کی قلت سے نمٹنے کے اقدامات

   

وزیر سیاحت سرینواس گوڑ نے نئے پلانٹ کا افتتاح کیا، عنقریب سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کا قیام
حیدرآباد۔20۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) کورونا وباء کے دوران آکسیجن کیلئے عوام کو درپیش مشکلات کا حل تلاش کرنے کیلئے خانگی ادارے کے تعاون سے محبوب نگر گورنمنٹ ہاسپٹل میں آکسیجن جنریشن پلانٹ قائم کیا گیا ۔ وزیر اکسائز و سیاحت سرینواس گوڑ نے افتتاح انجام دیا اور کورونا کی جاریہ وباء سے نمٹنے کیلئے حکومت کی تیاریوں سے واقف کرایا ۔ انہوں نے کہا کہ 2014 ء سے قبل سرکاری دواخانوں میں آکسیجن سے مربوط بیڈس کی تعداد کافی کم تھی لیکن ڈسٹرکٹ ہاسپٹل میں 560 بستروں کو آکسیجن سے مربوط کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سرکاری دواخانوں میں غریبوںکو بہتر علاج کی سہولتوں کیلئے انفراسٹرکچر فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کی ہے ۔ ڈاکٹرس و طبی عملے کی تعداد میں اضافہ کے علاوہ عصری آلات فراہم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2014 ء سے قبل ڈسٹرکٹ ہاسپٹل میں ڈاکٹرس کی تعداد محض 14 تھی لیکن فی الوقت ہر خصوصی شعبہ میں ڈاکٹرس و طبی عملہ کی خدمات موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ عثمانیہ اور گاندھی ہاسپٹلس کے بعد محبوب نگر میں آکسیجن جنریشن پلانٹ قائم کیا گیا ہے ۔ انہوں نے خانگی کمپنی مہیندرا سے اظہار تشکر کیا جس نے پلانٹ کے اخراجات برداشت کئے ہیں۔ سرینواس گوڑ نے کہا کہ کے سی آر کی قیادت میں کورونا سے مؤثر انداز میں نمٹا گیا جس کے نتیجہ میں انتہائی کم عرصہ میں کورونا پر قابو پالیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شہر کے اطراف 4 نئے سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس قائم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محبوب نگر میں عنقریب 400 کروڑ کے خرچ سے سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل تعمیر کیا جائے گا۔ ر