ہیلت پروفائیل کی تیاری و اجرائی کے اقدامات ، چیف منسٹر ریونت ریڈی کا محکمہ صحت کے جائزہ اجلاس سے خطاب
حیدرآباد۔29جنوری(سیاست نیوز) ریاست میں تمام شہریوں کا ہیلت پروفائیل تیار کرتے ہوئے انہیں کارڈ کی اجرائی کے اقدامات عمل میں لائے جائیں۔ عثمانیہ دواخانہ کی توسیع کے معاملہ میں عدالتی احکامات کے ساتھ ہی فوری طور پر کاموں کا آغاز کیا جائے گا۔ ریاست میں موجود سرکاری دواخانوں میں ہاؤز کیپنگ بڑی فارما کمپنیوں کے سی ایس آر فنڈس کے ذریعہ یقینی بنائی جائے گی۔ چیف منسٹر مسٹر اے ریونت ریڈی نے آج محکمہ صحت کے جائزہ اجلاس کے دوران عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ریاست کے مختلف اضلاع میں جاری سرکاری دواخانوں کی تعمیر کی عاجلانہ تکمیل کو یقینی بنائیں۔انہوں نے عہدیدارو ںکو خانگی دواخانوں کے آروگیہ شری بلس کے بقایا جات کی اجرائی کے سلسلہ میں منصوبہ تیار کرنے اور فوری اجرائی کے اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے وزیر صحت مسٹر دامودر راج نرسمہا اور چیف سیکریٹری حکومت تلنگانہ کے علاوہ محکمہ صحت کے عہدیداروں کے ہمراہ منعقدہ اجلاس کے دوران کہا کہ ریاست کے تمام شہریوں کے ہیلت پروفائیل کارڈ تیار کرتے ہوئے انہیں آروگیہ شری کارڈ سے مربوط کرنے کے اقدامات کئے جائیں علاوہ ازیں جائزہ اجلاس کے دوران چیف منسٹر نے آروگیہ شری سے استفادہ کے لئے سفید راشن کارڈ کی شرط کے متعلق تفصیلات عہدیداروں سے حاصل کرتے ہوئے اسے برخواست کرنے کے اقدامات کا جائزہ لینے کی ہدایت دی۔ مسٹر اے ریونت ریڈی نے ورنگل میں زیر تعمیر تلنگانہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس کی تکمیل کے علاوہ ایل بی نگر‘ صنعت نگر‘ اور الوال میں جاری سرکاری دواخانوں کی تعمیر کے متعلق دریافت کیا اور کہا کہ ان تعمیرات کو جلد سے جلد مکمل کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔ انہو ںنے ریاست میں موجود سرکاری دواخانو ںمیں ڈاکٹرس کی قلت کو دور کرنے کے لئے میڈیکل کالجس کو سرکاری دواخانوں سے مربوط کرنے کے اقدامات کی بھی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے اجلاس کے دوران ریاست میں موجود میڈیکل کالجس کے موقف‘ نرسنگ کالجس کے علاوہ پارا میڈیکل کالجس کے متعلق بھی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے کوڑنگل میں نرسنگ کالج اور میڈیکل کالج کے قیام کے سلسلہ میں اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔چیف منسٹر نے بی بی نگر میں زیر تعمیر آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس کی تعمیر کو جلد مکمل کرتے ہوئے اس میں تمام خدمات کی فراہمی کے اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایمس میں تمام امراض کے علاج کی سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں دواخانہ عثمانیہ اور نمس میں مریضوں کی تعداد پر قابو پایا جاسکتا ہے۔چیف منسٹر نے محکمہ صحت کے عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ آروگیہ شری کے تحت بقایاجات کی ہر تین ماہ میں ایک مرتبہ ادائیگی یقینی بنایا جائے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ سرکاری دواخانوں اور ٹیچنگ ہاسپٹلس کو فی الحال 270 کروڑ روپئے اداشدنی ہیں ۔ چیف منسٹر نے اس رقم کو فوری جاری کرنے کے احکام دیئے ۔مسٹر اے ریونت ریڈی نے آشا ورکرس کی تنخواہوں کی ہر ماہ پابندی سے اجرائی کو یقینی بنانے کی تاکید کی اور تلنگانہ میں جاری 108اور 102 ایمبولنس خدمات کے متعلق آگہی حاصل کرتے ہوئے ہدایت دی کہ ان خدمات کو مزید بہتر بنانے کے اقدامات کئے جائیں۔3