سرکاری ملازمت کا جھانسہ ،خود ساختہ آئی ایف ایس افسر گرفتار

   

حیدرآباد ۔ /20 مارچ (سیاست نیوز) خود کو انڈین فارن سرویس (آئی ایف ایس) عہدیدار ظاہر کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دینے والے کشمیری طالبعلم کو رام گوپال پیٹ پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ پولیس کے بموجب 27 سالہ خورشید احمد دار جس نے حالیہ دنوں بی ٹیک کی تعلیم حاصل کی اور اس کا تعلق جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ سے ہے ۔ تعلیم حاصل کرنے کے دوران خورشید احمد دار یو پی ایس سی سیول سرویسیس امتحانات لکھنے والے کئی طلباء سے ربط میں تھا ۔ آسانی سے روپئے کمانے کی غرض سے اس نے آئی ایف ایس عہدیدار کا فرضی شناختی کارڈ تیار کیا اور عوام کو یہ ظاہر کررہا تھا کہ وہ انہیں سرکاری محکمہ جات میں ملازمت فراہم کرواسکتا ہے ۔ اس سلسلے میں خورشید احمد نے بیگم پیٹ کے ساکن ٹی سدھارتھ ریڈی سے ایک لاکھ روپئے حاصل کئے اور اسے مرکزی محکمہ جات میں ملازمت فراہم کرنے کا وعدہ کیا ۔ مسلسل ربط پیدا کرنے کی کوشش کے باوجود بھی خورشید احمد دار سدھارتھ ریڈی کو جواب دینے سے قاصر رہا اور نہ ہی اس نے حاصل کردہ رقم واپس کرسکا ۔ رام گوپال پیٹ پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے خورشید احمد دار کے خلاف دھوکہ دہی ، جعلسازی کے دفعات نافذ کئے اور عدالت میں پیش کرتے ہوئے اسے جیل بھیج دیا ۔