سعودیہ :5 سال میں 3 لاکھ افراد مشرف بہ اسلام

   

ریاض: سعودی عرب میں صرف پانچ سال میں تین لاکھ سے زائد افراد اسلامی تعلیمات سے متاثر ہوکر دائرہ اسلام میں داخل ہوگئے ہیں۔ اسلام دنیا میں سب سے تیزی سے پھیلتا ہوا مذہب ہے اور سالانہ لاکھوں افراد اسلامی تعلیمات سے متاثر ہوکر دائرہ اسلام میں داخل ہورہے ہیں جس کی تصدیق سعودی وزارت اسلامی امور نے بھی کردی ہے۔ غیرملکی میڈیا نے سعودی وزارت اسلامی امور کے سکریٹری ڈاکٹر سعودالغامدی کے سعودی ٹی وی چینل ون کو دیئے گئے انٹرویو کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہیکہ گزشتہ پانچ سالوں میں مملکت میں 3 لاکھ 47 ہزار 646 افراد نے اسلام قبول کیا ہے۔ سعودی وزیر نے بتایا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں اسلام قبول کرنے والوں کی سب سے زیادہ تعداد2023ء میں رہی جس میں ایک لاکھ 63 ہزار 319 افراد امن کے دین کی تعلیمات سے متاثر ہوکر حلقہ بگوش اسلام ہوئے۔ ڈاکٹر سعود الغامدی کا کہنا تھا کہ مملکت میں 2019 میں 21 ہزار 654 جبکہ 2020ء میں 41 ہزار 441 اسی طرح 2021 میں 27 ہزار 333 جبکہ 2022ء میں 93 ہزار 899 افراد دائرہ اسلام میں داخل ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ مملکت کے مختلف علاقوں میں قائم 457 دعوتی انجمنیں کام کررہی ہیں جہاں 423 داعیہ خدمات انجام دیتی ہیں۔