سعودی عرب میں فری لانس ورکرز کی تعداد دگنی ہو گئی

   

ریاض : سعودی عرب میں فری لانس افرادی قوت میں تیزی آ رہی ہے کیونکہ اس سال کی پہلی ششماہی میں مقامی فری لانس ورکرز کی تعداد تقریباً دگنی ہو گئی ہے اور معیشت کورونا کی وبا سے بحال ہونے کے مزید آثار دکھا رہی ہے۔عرب نیوز کے مطابق وزارت انسانی وسائل اور سماجی ترقی کے اعداد و شمار کے مطابق 2019 میں لائسنسنگ پروگرام کے آغاز کے بعد سے فری لانس ملازمت کی دستاویز حاصل کرنے والے سعودیوں کی تعداد 86 فیصد اضافے کے ساتھ 6 لاکھ 31 ہزار 518 تک پہنچ گئی ہے۔وزارت نے الاقتصادیہ اخبار کو بتایا کہ ’رواں سال کے دوران اب تک 2 لاکھ 92 ہزار 315 شہری رجسٹرڈ ہو چکے ہیں جبکہ گذشتہ سال 2 لاکھ 82 ہزار 766 شہری رجسٹرڈ ہوئے تھے۔‘مملکت میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو مشورہ دینے والے ایک کنسلٹنٹ رانا زمائی نے عرب نیوز کو بتایا کہ کسی کی مہارت پر عمل کرنے یا کسی کے ہنر کو استعمال کرنے کا لائسنس مواقع کے دروازے کھول دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ لائسنس کے ذریعے ہنر مند سعودی باشندے خود روزگار بن سکتے ہیں اور مستحکم آمدنی کو یقینی بناتے ہیں۔