سعودی عرب کی اسرائیلی اہلکار کی مسجد اقصیٰ کے اشتعال انگیز دورہ کی مذمت

   

ریاض: سعودی عرب نے مسجد اقصیٰ میں آباد کاروں کے دھاووں بالخصوص ایک اسرائیلی اہلکار کے مسجد اقصیٰ کے اشتعال انگیز دورے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔سعودی عرب کے دفتر خارجہ نے اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان مسجد اقصیٰ کے صحنوں پر دھاوا بولنے اور ایک اسرائیلی اہلکار کے اشتعال انگیز دورے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔وزارت خارجہ نے اسرائیلی قابض حکام کی طرف سے مسجد اقصیٰ پر بولے جانے والے دھاووں پر مملکت کی طرف سے افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ مسلمانوں کے مقدس مقام کی بے حرمتی کے واقعات سے امن کی کوششوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ بیان میں اسرائیلی حکومت پر زور دیا گیا کہ وہ مسجد اقصیٰ کے حوالے سے بین الاقوامی قوانین اصولوں کا احترام کرے۔
سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے مسجد اقصیٰ کے خلاف ہونے والی اشتعال انگیز کارروائیوں کی تمام تر ذمہ داری اسرائیلی قابض فوج پر عاید کی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی قابض ریاست کو مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی اور کشیدگی بڑھانے کے واقعات سے روکے۔