سلاسلِ طریقت میں حضرت سیدنا ابوبکر ؓ اور حضرت سیدنا علیؓ بھی خلیفۂ اول ہیں

   

اسکے باوجود حضرت علیؓ پر حضرت ابوبکر ؓ کو افضلیت حاصل ہے، مولانا غوثوی شاہ کا بیان
حیدرآباد ۔ 3 ۔ مئی : ( راست ) ۔ مولانا غوثوی شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جس طرح قانونِ شریعت میں حضرت سیدنا ابوبکر صدیقؓ خلیفۂ اول ہیں اسی طرح سلاسل طریقت میں بھی آپ ؓ خلیفۂ اول ہیں جیسے سلسلہ طبقاتیہ میں حضورؐ کے خلیفۂ اول حضرت سیدنا ابوبکر صدیقؓ ہیں اسی طرح سلسلہ نقشبندیہ میں خصوصاً ہمارے سلسلہ میں حضرت ابو یوسف ہمدانیؒ کے اوپر کے شیوخ میں حضرت سیدنا ابوبکر صدیقؓ حضور ؐ کے خلیفۂ اول ہیں ویسے سلسلہ نقشبندیہ کا ایک اور تعلق حضرت سیدنا علیؓ سے بھی ہے اس میں حضورؐ کے خلیفۂ اول حضرت سیدنا علی کرم اللہ وجہہ ہیں اسی طرح ہمارے سلسلۂ اویسیہ میں حضرت سیدنا ابوبکر صدیقؓ حضورؐ کے خلیفۂ اول ہیں دوسری طرف سلسلہ قادریہ اور چشتیہ اور سہروردیہ میں حضورؐ کے خلیفۂ اول حضرت سیدنا علی کرم اللہ وجہہ ہیں ۔الحاصل حضرت سیدنا ابوبکر صدیقؓ شریعت میں بھی خلیفۂ اول ہیں اور طریقت میں بھی خلیفۂ اول ہیں اور حضرت سیدنا علی ؓ شریعت میں خلیفۂ چہارم اور طریقت میں سلاسل مذکورہ میں حضورؐ کے وہ بھی خلیفۂ اول ہیں ۔اس کے باوجود اہلِ سنّت والجماعت کے عقیدہ کے مطابق حضرت سیدنا علیؓ پر حضرت ابوبکر صدیقؓ کو افضلیت حاصل ہے اس بات کا مسلمان خاص خیال رکھیں اسی میں فلاح ہے یہی میری صلاح ہے۔