سماج و حکومتوں پر تعمیری طنزمجتبیٰ حسین کا منفرد انداز

,

   

’ممتاز مزاح نگار کا سانحہ ارتحال میرا شخصی نقصان ‘:جناب زاہد علی خاں
حیدرآباد۔/27 مئی، ( سیاست نیوز) جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روز نامہ ’سیاست‘ نے برصغیر کے نامور صاحبِ طرز ادیب اور مزاح نگار جناب مجتبیٰ حسین کے انتقال پر گہرے دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے تعزیتی پیام میں کہا کہ مجتبیٰ حسین صاحب کا روز نامہ ’سیاست‘ سے اٹوٹ رشتہ تھا جو آخری سانس تک برقرار رہا۔ جناب مجتبیٰ حسین کی طنز و مزاح کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے میں جناب عابد علی خاں اور جناب محبوب حسین جگر مرحومین کی سرپرستی کا اہم رول رہا۔ روز نامہ سیاست میں ’ میرا کالم ‘ کے ذریعہ جناب مجتبیٰ حسین نے نہ صرف ہندوستان بلکہ عالمی سطح تک اپنی صلاحیتو ں کا لوہا منوایا۔ جناب مجتبیٰ حسین اردو دنیا کا ایک ایسا نام ہے کہ ان کی کمی کو شاید ہی پورا کیا جاسکے ۔ سماج کے سلگتے مسائل پر جناب مجتبیٰ حسین نے ہمیشہ اپنے منفرد اندازِ تحریر کے ذریعہ نہ صرف سماج بلکہ حکومتوں کو جھنجوڑنے کا کام کیا ۔ جناب مجتبیٰ حسین کی صلاحیتوں کا اعتراف دنیا بھر میں کیا گیا۔ پدم شری کے علاوہ بھی ملک کے تمام ادبی ایوارڈ جناب مجتبیٰ حسین کے حصہ میں آئے۔ جناب زاہد علی خاں نے مزید کہا کہ مجتبٰی حسین گذشتہ چند برسوں میں ملک کے حالات اور بالخصوص فرقہ پرست طاقتوں کی سرگرمیوں پر کافی مغموم تھے۔ شہریت ترمیمی قانون اور پھر این آر سی اور این پی آر کی تیاریوں پر بطور احتجاج پدم شری اعزاز واپس کرنے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ مجتبیٰ حسین کا انتقال روز نامہ ’سیاست‘ اور میرا ذاتی نقصان ہے۔ مجتبیٰ حسین نے ملک کے کئی نامور ادیب اور شعراء کو ’سیاست‘ کے ذریعہ اردو دنیا میں متعارف کیا تھا۔ جناب زاہد علی خاں نے مجتبیٰ حسین کو خراج پیش کرتے ہوئے پسماندگان سے اظہار تعزیت اور مرحوم کی مغفرت کیلئے دعاء کی۔