سمندری طوفان سے تباہی ،بنگال میں 12 ہلاک

,

   

اڈیشہ اور بنگلہ دیش میں تین ‘تین افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع!

کولکتہ ۔ /20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سمندری طوفان امفان آج دن میں مغربی بنگال اور اڈیشہ کے ساحل سے ٹکراگیا ۔ اس دوران 120 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلیں اور شدید بارش کے نتیجہ میں اضلاع شمالی اور جنوبی 24 پرگنہ میں کئی مقامات پر کھمبے اور درخت اکھڑ گئے ۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے رات میں عہدیداروں کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد بتایا کہ سمندری طوفان امفان کے باعث کم از کم 10 تا 12 افر اد ہلاک ہوگئے ہیں ۔ 2 اضلاع کے علاوہ دیگر مقامات پر سمندری طوفان سے شدید نقصان پہونچا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ طوفان سے نقصانات کا تخمینہ کروڑہا روپئے کیا گیا ہے ۔ سمندری طوفان سے کئی مکانات تباہ ہوگئے۔دریاؤں اور جھیلوں میں شدید پانی کے بہاؤ سے اطراف کے علاقے بری طرح متاثر ہوئے ۔ نبانا میں پارٹی کے آفس کو شدید نقصان پہونچا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ تیز ہواؤں کے باعث درختوں کے اکھڑنے اور مکانات پر گرنے سے جانی اور مالی نقصان کی اطلاع ہے ۔ احتیاطی طور پر طوفان کے ساحل سے ٹکرانے سے قبل تقریباً 5 لاکھ افراد کا تخلیہ کرایا گیا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ سمندری طوفان کے نقصانات کا حقیقی تخمینہ 10 دن کے بعد ہی لگایا جاسکتا ہے ۔ خلیج بنگال کے ساحلی علاقہ میں واقع ٹاؤن دگھا زیادہ متاثر نہیں ہوا تاہم راجرہٹ ، ہبرا ، سندیش کھالی ، بونگا اور حسن آباد میں سمندری طوفان سے زبردست نقصان ہوا ہے ۔ اڈیشہ کے پوری کھردا ، کٹک ، اور دیگر اضلاع میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی ۔ کل رات سے ہی تیز ہوائیں چل رہی تھیں جس کے نتیجہ میں کھڑی فصلوں اور انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہونچا ۔ محکمہ موسمیات کے ڈائرکٹر جنرل مرتیونجے موہن پاترا نے بتایا کہ سمندر سے 5 میٹر بلند لہریں اٹھ رہی تھیں ۔ 24 پرگنہ اضلاع کے 15 کیلو میٹر کے علاقہ زیرآباد ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بنگال میں کل تک تیز ہواؤں اور بارش کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ اطلاعات کے مطابق سمندری طوفان سے اڈیشہ میں تین افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے ۔ ڈھاکہ سے موصولہ اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ سمندری طوفان امفان سے ساحلی علاقوں میں بڑی تباہی ہوئی ہے جبکہ ایک ملین سے زیادہ برقی صارفین کی برقی مسدود ہوگئی ۔بنگلہ دیش میں بھی سمندری طوفان سے تین افراد کے فوت ہونے کی اطلاع ہے ۔