سنتوش نگر میں پولیس و آر اے ایف کا مارچ

   

سارے شہر میں پولیس کی چوکسی ۔ عوام میں اعتماد بحالی کیلئے اقدام
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : شہر حیدرآباد میں حالات کے پیش نظر پولیس کی جانب سے سخت چوکسی اختیار کی جارہی ہے ۔ میلاد النبیؐ اور گنیش تہوار کی تواریخ کے اعلان کے بعد پولیس نے اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔ حالانکہ شہر میں 14 ستمبر کو میلاد جلوس منعقد کیا جائے گا اور 6 ستمبر کو گنیش جلوس ہوگا ۔ ان حالات میں جیسے جیسے تواریخ قریب آتی جارہی ہیں پولیس کی چوکسی میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ شہر کے اہم زونس میں پولیس نے عوام میں اعتماد بحال کرنے اقدامات شروع کردئیے ہیں اور حساس علاقوں میں گشت بڑھا دی گئی ۔ پولیس کے اعلیٰ عہدیدار اہم اجلاس منعقد کرکے عملہ کو پابند اور چوکس کررہے ہیں ۔ سنتوش نگر میں پولیس نے مارچ کیا۔ ریاپڈ ایکشن فورس کے ساتھ علاقہ میں پولیس نے گشت کی اور عوام میں اعتماد بحال کرنے کے ساتھ شعور بیدار کیا گیا ۔ پولیس نے عوام سے افواہوں پر دھیان نہ دینے اور پرامن ماحول کو برقرار رکھنے کے ساتھ سازشوں کا حصہ نہ بننے اور سازشوں کو ناکام بنانے کی اپیل کی ۔ سوشیل میڈیا پر محتاط رہنے اور کسی بھی قسم کی پوسٹ سے گریز کا مشورہ دیا اور عوام کو بتایا کہ غیر سماجی عناصر کسی بھی سازش کا عام شہریوں کو شکار بنا سکتے ہیں ۔ لہذا کسی بھی پوسٹ کی تصدیق کے بغیر اس پر یقین نہ کریں اور مشکوک سرگرمیوں اور اپنے شہر کے ماحول کو بگاڑنے والی کوششوں کی اطلاع ڈائیل 100 کے ذریعہ کریں ۔۔ ع