سنوار کی موت سے امن کا عمل آسان ہوگیا : ٹرمپ

   

واشنگٹن :ریپبلکن پارٹی صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ حماس رہنما یحییٰ سنوار کی ہلاکت سے غزہ میں امن کے امکانات بہتر ہو جائیں گے۔میرے خیال میں اس سے یہ آسان ہو گیا ہے۔ سابق صدر نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ جلد اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو سے بات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ پر تنقید کی جبکہ اسرائیلی رہنما کی اچھا کام کرنے پر تعریف کی۔ٹرمپ نے کہاکہ اانہوں نے مجھے کال کی۔ میں نے ان سے بات نہیں کی۔ میں غالباً اب بات کرنے جا رہا ہوں۔ بائیڈن انہیں روکنے کی کوشش کر رہے ہیں اور انہیں غالباً اس کے برعکس کرنا چاہئے۔بائیڈن اور ڈیموکریٹک نائب صدر کملا ہیرس جن کا ٹرمپ سے پانچ نومبر کو امریکی انتخابات میں مقابلہ ہے، نے غزہ اور لبنان کی جنگوں میں اسرائیل کی بھرپور حمایت برقرار رکھی ہے۔ البتہ واشنگٹن نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ میں انسانی صورتِ حال کو بہتر بنائے یا امریکی کی فوجی امداد پر ممکنہ پابندیوں کا سامنا کرے۔ غزہ پر اسرائیلی بمباری میں 42,500 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔