حیدرآباد/27 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ بی جے پی انچارج ترون چوگ نے ٹی آر ایس ارکان اسمبلی کی خریدی معاملہ میں مداخلت کرکے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا۔ ترون چوگ نے کہا کہ منوگوڑ ضمنی انتخاب میں ٹی آر ایس کو شکست کا اندازہ ہوگیا جس کے بعد فرضی ڈرامہ و بی جے پی کے خلاف جھوٹی تشہیر کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ منو گوڑ ضمنی انتخاب سے عوام کی توجہ ہٹانے یہ ڈرامہ پرگتی بھون میں تیار کیا گیا ۔کے سی آر کی نگرانی میں تیار کردہ ایپی سوڈ سے ٹی آر ایس کی مایوسی جھلکتی ہے۔ لہذا بی جے پی الیکشن کمیشن سے اپیل کرتی ہیکہ اس کی تحقیقات کرائے۔ ٹی آر ایس کی سازش میں پولیس شامل ہونے کا انہوں نے الزام عائد کیا۔