سنگارینی کالریز کمپنی میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقرات کی ہدایت

   

سکریٹریٹ میں محکمہ برقی اور کمپنی کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس ، وزیر ملوبھٹی وکرمارک کا خطاب
حیدرآباد۔21فروری(سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر فینانس مسٹر ملو بھٹی وکرمارک نے سنگارینی کالریز کمپنی لمیٹڈ میں 317مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے لئے اعلامیہ جاری کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے صدرنشین و منیجنگ ڈائریکٹرمسٹر بلرام نائک کو ہدایت دی کہ وہ جاریہ سال کے دوران 1000 جائیدادوں پر تقررات کو یقینی بنائیں۔ ہدایات میں کہا کہ 168جائیدادوں پر داخلی راست تقررات کے اقدامات بھی کئے جائیں۔ڈپٹی چیف منسٹر نے آج سیکریٹریٹ میں محکمہ برقی کے عہدیداروں کے علاوہ سنگارینی کالریز کے عہدیداروں کے ہمراہ منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران یہ ہدایات جاری کی۔ جائزہ اجلاس کے دوران عہدیداروں سے مختلف امور کے متعلق تفصیلات طلب کیں۔ مسٹر ملو بھٹی وکرمارک نے بتایا کہ ریاستی حکومت جاریہ ماہ 26فروری کو کتہ گوڑم میں شمسی توانائی سے چلنے والے پلانٹ کا افتتاح انجام دے گی۔ڈپٹی چیف منسٹر نے جاریہ موسم گرما کے دوران برقی طلب میں ہونے والے اضافہ کے امکانات کے سلسلہ میں عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ ریاست کے کسی بھی ضلع میں برقی سربراہی میں خلل کو روکنے کے لئے مؤثر اقدامات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ بلا وقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنانے کے لئے ابھی سے امکانی طلب اور پیداوار کے سلسلہ میں تفصیلی رپورٹ تیار کرتے ہوئے حکومت کو پیش کریں۔ مسٹر ملو بھٹی وکرمارک نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے عوام سے کئے گئے روزگار کی فراہمی کے وعدہ کو پورا کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں اسی لئے سنگارینی کالریز میں موجود مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے لئے بھی فوری طور پر اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائی جائے۔ اجلاس میں مسٹر سید علی مرتضیٰ رضوی کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کتہ گوڑم میں موجود شمسی توانائی سے برقی پیدا کرنے والے پلانٹ کو 10.5 میگاواٹ برقی پیدا کرنے کا اہل بنانے کی تیاری کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے بتایا کہ سنگارینی کالریز میں ادیوگ میلہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے اعلان کے مطابق فوری طور پر تیاریوں کا آغاز کیا جائے ۔سنگارینی کالریز میں ملازمت کی حد عمر 35 کو بڑھا کر اسے 40کرنے کے لئے موصول ہونے والی نمائندگیوں کا حکومت کی جانب سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور جلد ہی اس پر قطعی فیصلہ کرتے ہوئے احکامات کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔3